لیسکو میں132کے وی سسٹم کو مظبوط کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں، مجاہد پرویز چٹھہ

پیر 25 جون 2018 21:57

لاہور۔25 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ نے کہاہے کہ لیسکو میں132کے وی سسٹم کو مظبوط اور بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں جس کے باعث نہ صرف صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جارہی ہے بلکہ وولٹیج کی کمی جیسے مسئلے پر بھی قابوپایا جا رہا ہے، رواں سال رمضان المبارک کے دوران لیسکو کا سسٹم مکمل طور پر مستحکم رہا اور گرم ترین موسم کے باوجود بھی لیسکوکے صارفین کو معیاری اور بلاتعطل بجلی کی سپلائی کو یقینی بنایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات132 کے وی رحمان پارک، ریواز گارڈن اور گلشن راوی گرڈ اسٹیشن کے دورے کے موقع پر کہی۔ چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے کہا کہ لیسکو سسٹم کو درپیش تمام رکاوٹیں ختم کرنے کے اپنے ٹارگٹ پر بھرپور طریقے سے کام میں مصروف عمل ہے تاکہ لاہور سمیت لیسکو کے زیرانتظام تمام سرکلز میں موسم گرما اور مون سون کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس موقع پر کسٹمر سروسز ڈائریکٹر مجاہد سعید رانا، چیف انجنئیر ڈویلپمنٹ ممتاز علی خان، پی ڈی جی ایس سی رفعت محبوب اور ایس ای جی ایس او رانا اشتیاق احمدبھی موجود تھے۔