ٹیکس ایمنسٹی سکیم عوام کو اپنے معاملات درست کرنے کیلئے اچھی سکیم ہے،ڈاکٹر شفیق نقی

پیر 25 جون 2018 22:11

لاہور۔25 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن ڈاکٹر شفیق اے نقی نے کہا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم عوام کو اپنے معاملات درست کرنے کیلئے اچھی سکیم ہے ،ایمنسٹی سکیم ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیلئے اچھی سکیم ہے جس سے حکومتی ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا اور حکومت معاشی طورپر مستحکم ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین میاں شہریار علی اور حافظ ایم عمران حمید وائس چیئرمین کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم میں 1100افراد کی جانب سے 135ارب کے اثاثے ظاہر کرنے سے حکومت کو4ارب روپے کی آمدنی ہوئی ۔اثاثے ظاہر ہونے کی اسکیم سے حکومت کو مجموعی طور پر35ارب روپے ٹیکس ملنے کا امکان ہے جس سے معیشت مستحکم ہوگی۔

(جاری ہے)

شفیق اے نقی نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم میں عوام کی سہولت کے لیے ایف بی آر کے ساتھ ساتھ لاہور چیمبرز میں بھی خصوصی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس سکیم سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے سہولیات اور آگاہی فراہم کی جاسکے۔

انہوںنے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے بارے میں عوامی شعور کی آگاہی کیلئے بھر پور مہم چلائی جائے تاکہ صحیح معنوں میں اس کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں،نیز اس کی 30جون کی آخری تاریخ میں الیکشن میں مصروفیات کے باعث اضافہ 31دسمبر2018تک توسیع کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے استفادہ حاصل کرسکیں۔