خواتین کو اپنے حقیقی نمائندوں کے انتخاب کے لئے تمام سہولیات فراہم کرنا نگران حکومت کی ذمہ داری ہے نگران صوبائی وزیر اطلاعات ملک خرم شہزاد

پیر 25 جون 2018 22:11

کوئٹہ.25جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) نگران صوبائی و زیر اطلاعات ملک خرم شہزاد نے کہا ہے کہ خواتین ہماری آبادی کا نصف حصہ ہیں ، انہیں اپنے حقیقی نمائندوں کے انتخاب کے حوالے سے درکار تمام سہولیات فراہم کیا جانا نگران صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، لہٰذا نگران صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کی جانب سے صوبہ کے طو ل و عرض میںپھیلے ہوئے وسیع علاقوںمیں عوام کواپنے حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ مردووٹرز کے ساتھ ساتھ خواتین ووٹرز کے لئے بھی حقیقی نمائندوں کے انتخابات میں آسانیاں پیدا ہوسکیں۔

ان خیالات کااظہا ر انہوںنے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ ماضی میں صوبہ بلوچستان میں خواتین کے حق رائے دہی کے حوالے سے ووٹ ڈالنے کی شرح کم ہونے کی وجوہات میں ایک وجہ سہولیات کی عدم دستیابی بھی تھی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ الیکشن کے دن جہاں نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کی جانب سے خواتین کو باعزت طریقے سے ووٹ ڈالنے کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں وہیں سیاسی جماعتوں سمیت معاشرہ کا ہر ذمہ دار طبقہ صوبے میں خواتین ووٹرز کو اپنے حق رائے دہی کی اہمیت اور کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں معلومات فراہم کریں تاکہ امسال انتخابات میں ہماری خواتین و وٹرز کا ٹرن آؤٹ زیادہ سے زیادہ ہواور آبادی کے اس نصف حصے کو اپنی مرضی کے عوامی نمائندوں کو منتخب کرنے میں آسانی پیدا ہو۔