وزارت مذہبی امور ، سرکاری حج سکیم کے تحت کامیاب عازمین کی جانب سے متبادل افراد کو حج پر بھجوانے کی درخواستوں پر پابندی عائد

حج سیکشن میں سینکڑوں درخواستیں التوا کا شکار

پیر 25 جون 2018 22:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2018ء) وزارت مذہبی امور نے سرکاری حج سکیم کے تحت کامیاب ہونے والے عازمین کی جانب سے بیماری یا دیگر جوہات کی بناء پر متبادل افراد کو حج پر بھجوانے کی درخواستوں پر پابندی عائد کر دی ہے ، وزارت کے حج سیکشن میں متبادل افراد کو سرکاری حج قرعہ اندازی میں شامل کرنے کی سینکڑوں درخواستیں التوا کا شکار ہیں وزارت کے مطابق80سال سے زائد العمر اورمسلسل تین سال تک ناکام رہنے والوں کو بغیر قرعہ اندازی سرکاری حج سکیم میں شامل کیا گیا ہے انہیں متبادل کے طور پر دیگر افراد کو بھجوانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کے سیکرٹری خالد مسعود نے سرکاری حج سکیم کے تحت کامیاب قرار پانے والے 80سال سے زائد عمر اور مسلسل تین سال تک ناکام رہنے والے درخواست گزاروں کی جانب سے اپنی جگہ کسی دوسرے فرد کو حج پر بھجوانے کی درخواستوں پر پابندی عائد کردی ہے وزارت کے مطابق 80سال سے زائدعمر کے مرد اور خواتین اور مسلسل تین سال تک ناکام رہنے والے درخواست گزاروں کو بغیر قرعہ اندازی کے سرکاری حج سکیم میں شامل کیا گیا تھا تاہم اب ایسے افراد اپنی جگہ پر دیگر افراد کو متبادل کے طور پر حج پر بھجوانے کی درخواستیں دے رہے ہیں جو کہ کسی طور پر درست نہیں ہے کیونکہ اس سکیم کا مقصد صرف 80سال سے زائد عمر کے افراد اور مسلسل تین سال تک ناکام رہنے والے درخواست گزاروں کو سہولیات فراہم کرنا تھی تاہم وزارت کی جانب سے دی جانے والی سہولت کا غلط فائدہ اٹھایا جا رہا ہے اور ایسے افراد کو متبادل کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جو نہ تو 80سال سے زائد عمر کے ہیں اور نہ ہی مسلسل تین سال تک ناکام رہنے والے ہیں واضح رہے کہ اس وقت وزارت کے پاس سرکاری حج قرعہ اندازی میں کامیا ب ہونے والے سینکڑوں درخواست گزاروں کی جانب سے بیماری یا دیگر مسائل کی وجہ سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے نہ جانے اور اپنے متبادل افراد کو بھجوانے کی درخواستیں التوا کا شکار ہیں اور انہیں اپنے متبادل افراد کو سرکاری حج سکیم کے تحت فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے بھجوانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔

۔۔۔۔اعجاز خان

متعلقہ عنوان :