ژوب ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے ، کمشنر ژوب ڈویژن

الیکشن کے دوران بوقت ضرورت امید واروں کو پولیس اور لیویز نفری بھی دی جائے گی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جاسکے

پیر 25 جون 2018 22:17

لورالائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) کمشنر ژوب ڈویژن بشیر خان بازئی نے کہا کہ ژوب ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہے جنرل الیکشن 2018 کے موقع پر امن و امان کے حوالے سے تمام تر انتظامات کئے جائیں گے اور امیدواروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا ۔ الیکشن کے دوران بوقت ضرورت امید واروں کو پولیس اور لیویز نفری بھی دی جائے گی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جاسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے نے الیکشن 2018 کے حوالے سے امن وامان اور دیگرانتظامات کے بارے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ ظفر بلوچ ، ڈپٹی کمشنر لورالائی عمران ابراہیم بنگلزئی، ڈپٹی کمشنر شیرانی عبدالخالق مندوخیل ، ڈپٹی کمشنر ژوب شبیر مینگل ، ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل میرزاد محمد خان اور ڈویژن کے تمام اضلاع کے پولیس آفیسران ، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں الیکشن 2018 کے دوران سیکیورٹی معاملات ، ضروری سامان کی رسائی اور عملہ کو بروقت پہنچانے کے حوالے سے غور کیا گیا کمشنر نے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے دوران امیدواروں کی حفاظت اور پولنگ اسٹیشنر کی سیکیورٹی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور پر امن اور شفاف الیکشن کے انعقاد کویقینی بنایا جائیگا ۔ انہوںنے کہا کہ حق رائے دہی کا استعمال ہر انسان کا بنیادی حق ہے کمشنر نے کہا کہ کسی بھی امیدوار کو کہیں سے بھی خطرے کا خوف ہو تو وہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کریں ڈپٹی کمشنر بھی ان سے رابطہ کریں تاکہ باہمی تعاون اور رابطے سے کسی بھی خطرے کا ازالہ کیا جاسکے ۔

کمشنرنے تمام ڈپٹی کمشنر کو جاری ترقیاتی کاموں اور خصوصا ً قومی شاہراہوں پر جاری کام کی سخت نگرانی کرنے کی ہدایات کیںجبکہ اجلاس میںانسداد پولیو کی جاری مہم کے حوالے سے بھی بحث کی گئی ۔