انتخابات جیت کر بینظیر بھٹو کا پاکستان بنائیں گے، دہشتگردی، شدت پسندی اور عدم برداشت کے ناسور کو ختم کریں گے،

بینظیر بھٹو کے پاکستان میں برابری اور سماجی انصاف ہوگا پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری کی پارٹی عہدیداروں سے گفتگو

پیر 25 جون 2018 22:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ انتخابات جیت کر محترمہ بینظیر بھٹو کا پاکستان بنائیں گے، دہشتگردی، شدت پسندی اور عدم برداشت کے ناسور کو ختم کریں گے، شہید بینظیر بھٹو کے پاکستان میں برابری اور سماجی انصاف ہوگا۔ پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی بار بھٹو مخالف عناصر منتشر ہیں۔

(جاری ہے)

2013 ء میں پیپلزپارٹی کا راستہ روکا گیا، دہشتگردوں نے بندوق کے ذریعے پیپلزپارٹی کا راستہ روکا، آراوز نے پولنگ اسٹیشنوں سے نتائج چوری کیے۔ انہوں نے کہا کہ جیالے پارٹی امیدواروں کی بھرپور مہم چلائیں اور عوام کو بتائیں کے صرف تیر کے نشان پر لگنے والا ٹھپہ ہی بلاول بھٹو کا ووٹ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے آئین بحال کیا۔ صوبوں کو خودمختاری دی، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ریکارڈ اضافہ کیااور عارضی ملازمین کو مستقل کیا اور ماضی میں نواز شریف کی طرف سے برطرف کئے گئے ملازمین کو بحال کرکے ان کو بقایاجات دلائے۔ نیر بخاری نے کہا کہ صرف پاکستان پیپلزپارٹی ہی عوام کے مفادات کے لئے کام کرتی ہے۔