پشاور میں متحدہ مجلس عمل کا کامیاب جلسہ عام پشاور کے عوام کا متحدہ مجلس عمل پر اعتماد کا مظہر ہے،صابرحسین اعوان

پیر 25 جون 2018 22:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل ضلع پشاورو امیدواراین اے 28 صابرحسین اعوان نے کہا ہے کہ پشاور میں متحدہ مجلس عمل کا کامیاب جلسہ عام پشاور کے عوام کا متحدہ مجلس عمل پر اعتماد کا مظہر ہے ۔ کامیاب جلسہ سے ثابت ہو ا کہ صوبے میں مستقبل دینی جماعتوں کے اتحاد کا ہے ۔ پوری قوم خاندانی جماعتوں اور لچر پن کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔

متحدہ مجلس عمل قوم کو دیندار اور ایماندار قیادت فراہم کرے گی۔ لوگوں کو اپنے بنیاد ی مسائل کا حل چاہیے، وہ روایتی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔صرف ایم ایم اے ہی متبادل نظام رکھتی ہے، جس کی بنیاد قرآن و سنت ہے۔ انشااللہ متحدہ مجلس عمل کی صالح قیادت اور منتخب نمائندے عوامی اعتماد پر پور ا اتریں گے۔

(جاری ہے)

وہ این اے 28 میں انتخابی مہم کے جائزہ اجلاس کے موقع پر ذمہ داران کے اجلا س سے خطاب کر رہے تھے ۔

اجلاس میں این اے 28 کے تمام یونین کونسل میںانتخابی مہم کا جائزہ لیا گیااور فیصلہ کیاگیا کہ مہم کو مزید فعال اور تیز بنائیں گے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صابرحسین اعوان نے کہاکہ این اے 28 میںمتحدہ مجلس عمل بڑی قوت بن چکی ہے اور یہاں سے جیت ایم ایم اے کی ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ پوری دنیا میں اسلامی تحریکیں کامیاب ہورہی ہے اور ترکی میں طیب اردگان کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا بھر میں مستقبل اسلامی تحریکیوں کا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ 25 جولائی کو ترکی کی طرح پاکستان میں متحدہ مجلس عمل کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی اور ملک میں اسلامی نظام کا قیام ہوگا ۔