متحدہ مجلس عمل کی بحالی سیکولرز اور لبرلز کے لئے موت اور امریکہ اور اس کے حواریوں کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے،سینیٹر مشتاق احمد خان

پیر جون 22:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2018ء) امیر جماعت اسلامی و سینئر نائب صدر متحدہ مجلس عمل خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کی بحالی سیکولرز اور لبرلز کے لئے موت اور امریکہ اور اس کے حواریوں کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے۔ متحدہ مجلس عمل کے بھرپور اور کامیاب جلسہ عام نے انتخابات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔

کامیاب جلسہ عام کے انعقاد پر ایم ایم اے کی مرکزی و صوبائی قیادت اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 25جولائی کو متحدہ مجلس عمل کلین سویپ کرے گی۔ ترکی کے صدارتی انتخابات میں طیب اردگان کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، اردگان کی کامیابی قدرت کی طرف سے ایم ایم اے کی کامیابی کا اشارہ ہے۔مستقبل اللہ اکبر والوں کا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے بیان میں کیا ۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی محرومیوں کے ذمہ دار ستر سال سے یہاں پہ مسلط حکمران اور امریکی غلام ہیں، یہ حکمران قومی مجرم ہیں، ان حکمرانوں کی وجہ سے آج پاکستان آزادی، ترقی ، صاف پانی اور دیگر سہولیات سے محروم ہے۔ مجلس عمل پاکستان کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی، متحدہ مجلس عمل ملک کو ترقیافتہ ممالک کے صف میں کھڑا کرے گی۔

دینی جماعتوں کا اتحاد پاکستان کی بقاء، تحفظ اور ترقی کا ضامن ہے۔ متحدہ مجلس عمل ان حکمرانوں کے گریبان میں ہاتھ ڈالے گی اور ان سے ستر سال کا حساب لے گی۔انہوں نے کہا کہ مجلس عمل نے قوم کو منشور دیا ہے، پاکستانی عوام دوسری پارٹیوں کا منشور بھی دیکھیں اور ایم ایم اے کا منشور بھی دیکھیں، مجلس عمل کا منشور اسلام کا، صحت و انصاف ،ترقیافتہ پاکستان کا منشور ہے، دوسری پارٹیوں کا منشور امریکہ اور برطانیہ نواز منشور ہے۔

ہم پاکستان میں نظام مصطفی ﷺ اور خلافت راشدہ کا نظام چاہتے ہیں۔ عقیدہ ختم نبوت ﷺ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، جو ہاتھ ختم نبوت ﷺ کے خلاف اٹھے گا ہم ان ہاتھوں کو کاٹ دیں گے۔ ناموس رسالت ﷺ کے قانون پر امریکہ ، یورپ اور برطانیہ جتنا بھی تڑپیں لیکن ناموس رسالت ﷺ کے قانون کی طرف ٹیڑھی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی حکومت میں تعلیم مفت ہوگی، ایم ایم اے کا دور آئے گا تو ہر بچہ سکول جائے گا۔

صحت کی سہولیات مفت دیں گے۔ ہر پاکستانی کو گھر فراہم کریں گے۔ کشمیر کی آزادی، قبلہ اول کی حفاظت اور دنیا کے دوسرے مظلوم مسلمانوں کے لئے آواز اٹھانا ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کارکن گھر گھر اور گلی گلی میں یہ پیغام پہنچادیں کہ پاکستان میں اسلامی نظام ، امن اور ترقی چاہئے تو متحدہ مجلس عمل کو کامیاب بنائیں۔ ووٹ طاقت اور قوت ہے ، ووٹ کی طاقت سے امریکہ نواز اور کرپٹ قیادت کو مسترد کردیں۔ وقار)