لاہور ، ملی مسلم لیگ کی حمایت یافتہ،اللہ اکبر تحریک کے نامزد 16 امیدواروں کولاہور کے مختلف انتخابی حلقوں کے پارٹی ٹکٹ جاری

قومی اسمبلی کے چھ ، صوبائی اسمبلی پنجاب کی10 اُمیدواروں کو ٹکٹ دئیے گئے اللہ اکبر تحریک کے ڈاکٹر احسان باری اور ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے نامزد اُمیداورں میں پارٹی ٹکٹ تقسیم کیے

پیر 25 جون 2018 22:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2018ء) ملی مسلم لیگ کی حمایت یافتہ،اللہ اکبر تحریک کے نامزد 16 امیدواروں کولاہور کے مختلف انتخابی حلقوں کے پارٹی ٹکٹ جاری کردیے گئے۔ قومی اسمبلی کے چھ جبکہ صوبائی اسمبلی پنجاب کی10 اُمیدواروں کو ٹکٹ دیے گئے ہیں۔ لاہور میں منعقدہ تقریب میںاللہ اکبر تحریک کے ڈاکٹر احسان باری اور ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے نامزد اُمیداورں میں پارٹی ٹکٹ تقسیم کیے ۔

جن حلقوں سے اُمیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں ان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این 125 سے شیخ محمد یعقوب، این اے 133 سے حافظ خالد ولید، این اے 127 سے میاں عامر عباس ، این اے 132 سے چوہدری شبیر احمد، این اے 134 سے ذوالفقار علی اور این اے 123 سے اکمل خان باری کو پارٹی ٹکٹ جاری کیے گئے۔

(جاری ہے)

صوبائی اسمبلی کے جن حلقوں سے تحریک اللہ اکبر کے ٹکٹ جاری کئے گئے ان میں پی پی 148 نور نعیم خان، پی پی 149 سے مسز جھارا پہلوان سائرہ بیگم ،پی پی 150 سے شیخ محمد عامر، پی پی 153 سے ارشد بٹ ، پی پی 157 سے شعیب شیرانی، پی پی 160 چوہدری شفیق گجر، پی پی 163 سے طلحہ عبد الرشید، پی پی 162 سے میاں شاہد محمود، پی پی 167سے حافظ خالد ولید جبکہ مریدکے کے حلقہ پی پی 136 سے شفیق خان کو اللہ اکبرتحریک کے پارٹی ٹکٹ جاری کیے گئے ۔

ملی مسلم لیگ کی جانب سے الیکشن مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں پی پی 136 مریدکے میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ ملی مسلم لیگ اب ووٹر کا تقدس پامال نہیں ہونے دے گی۔ووٹر کو ان کے حقوق ملیں گے۔ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بننے والے ملک پاکستان میں لاالہ الااللہ کی سیاست کا راج چلے گا۔

سیاست کے نظام کی اصلاح کرنے کے لئے ہم میدان میں آئے ہیں۔اقتدار کے ایوانوں میں براجمان ہونا یا سیٹوں کو جیتنا ہمارا ہدف نہیں۔لوٹ مار ،کرپشن اورمفادات کی سیاست کرنے والوں کو اپنا انداز بدلنا پڑے گا۔اب پاکستان میں نظریہ پاکستان اور خدمت کی سیاست کرنے والے ہی کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ہم پاکستان کے خلاف اندرونی وبیرونی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم پارٹی بازری،فرقہ واریت ،دھڑے بندی کا منشور لے کر نہیں آئے بلکہ اتحاد کا منشور لے کر آئے ہیں۔ہم نے نفرتوںکو ختم اور محبتوں کو رواج دینا ہے۔ملی مسلم لیگ نے اپنے منشور میں اس بات کا عزم کیا ہے کہ نوجوانوں کو دفاع پاکستان کے لئے تیار کریں گے۔