لاہور، نائب امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس کی ترکی کے حالیہ صدارتی انتخاب میں ترک صدر رجب طیب اردگان کو شاندار کامیابی پر مبارکباد

پیر 25 جون 2018 22:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے منصورہ میں کارکنان کے ہفتہ وار درس قرآن میںترکی کے حالیہ صدارتی انتخاب میں ترک صدر رجب طیب اردگان اور عوا م کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ صدرِ ترکی کو جمہوریت کا محافظ بنائے اورانہیں مقبولیت کے بلند و بالا مقام سے آمریت کی ہر سوچ سے محفوظ رکھے ۔

حافظ محمد ادریس نے کہاکہ آج حدیث پاک کے مطابق امت مسلمہ پر اس کے دشمن یوں جھپٹ رہے ہیں جس طرح بھوکے دسترخوان پر ہلہ بولتے ہیں ۔ ہر جانب سے دردناک اور قابل افسوس خبریں روز مرہ کا معمول ہے ۔ ان آزمائشوں کے درمیان کبھی کبھار خیر اور خوشی کی خبر بھی نشر ہو جاتی ہے ۔ ترکی جس نے عالم اسلام کی صدیوں تک راہنمائی کی اور جہاں کی خلافت عثمانیہ نے یورپ کی ہر یلغار کو انہی پر الٹ دیا ، آج بھی امت مسلمہ کی امید وں کا مرکز ہے ۔

(جاری ہے)

ترکی کے حالیہ صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں اسلام کے حامی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے علمبردار رجب طیب اردگان اور ان کے اتحاد کی کامیابی تازہ ہوا کا جھونکا ہے ۔ ترکی کے اس مردِ مجاہد کے خلاف دنیا بھر کی صہیونی ، صلیبی اور مشرکانہ قوتیں سازشوں میں مصروف ہیں اس کا تختہ فوج کے ذریعے الٹنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا اسے انتخابات میں شکست سے دوچار کرنے کے لیے بھی اسلام دشمنوں نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا ، مگر اللہ کی تائید اور ترک عوام کی حمایت سے وہ سرخرو ہوا ۔

اب ترکی کو عالم اسلام کے مظلومین ، فلسطینی ، کشمیری ، روہنگیا ، مصری و شامی اور بنگلہ دیشی مسلمانوں کے حقوق کے لیے عالمی سطح پر مثبت سوچ رکھنے والے مسلمان ممالک کو متحد کر کے عالمی اداروں میں جرأت سے آواز بلند کرنی چاہیے ۔