حکومت سندھ نوجوانون کو وہ تمام سہولیات فراہم کرے گی جس سے انہیں اپنی کارکردگی دکھانے کا موقعہ ملے، صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ڈاکٹر سید جنید علی شاہ

پیر جون 22:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2018ء) صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نوجوانون کو وہ تمام سہولیات فراہم کرے گی جس سے انہیں اپنی کارکردگی دکھانے کا موقعہ ملے۔ وہ مقامی ہوٹل میں محکمہ کھیل اور امور نوجوانان حکومت سندھ اور برگد یوتھ آرگنائیزیشن کے زیر اہتمام دو روزہ ورکشاپ سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد کراچی سمیت اندرونِ سندھ کے نوجوانوں میں آگاہی پیدا کرنا ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا سفر کیسے شروع کر سکتے ہیں اور یوتھ پالیسی میں ان کے لئے کیا سہولتیں اور آسانیاں مہیا کی گئی ہیں۔ ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا کہ اب نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسطرح سے اس پالیسی کے تحت حکومت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان سندھ ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے کراچی،، حیدرآباد، میرپورخاص، جامشورو، ٹنڈو الہیار، سیہون شریف سے ورکشاپ میں شرکت کے لئے آنے والے والے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیں اپنے پروپوزل دیں جن سے ہمیں فنڈز کے صحیح استعمال میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے یوتھ پالیسی میں خواتیں کا بھی کوٹہ مختص کیا گیا ہے جس سے وہ بھرپور استفادہ کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی رہنمائی کے لئہ محکمہ کے دفاتر کھلے ہوئے ہیں، انہیں ان دفاتر سے رجوع کرنے اور اپنی تجاویز دینے کی ہدایت کی جاتی ہے تاکہ مستقبل میں بہتر پالیسی اور مزید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا ئے تاکہ نیا ٹیلنٹ مزید نکھر کر سامنے آ ئے اور اپنے ٹیلنٹ کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔ سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے مزید کہا کہ نوجوان اپنے علاقہ کے ڈپٹی کمشنرز سے رابطہ کر کے ورکشاپس، سیمینارز اور مختلف تعمیری سرگرمیوں کے فروغ کے لیئے پروگرام ترتیب دیں، حکومت سندھ ان کی سندھ یوتھ پالیسی کے تحت بھرپور مدد کرے گی۔

ممتاز ٹی وی اینکر رضوان جعفر برگد آرگنائیزیشن کی صبیحہ شاہین، خرم شہزاد، سیدہ بشریٰ نے بھی ورکشاپ سے خطاب کیا۔ اس موقعہ پر پی ایس مہدی شاہ،، صوبائی وزیر کے کوآرڈینیٹر سید عمران زیدی اور پی آر او حامد علی خان بھی موجود تھے۔#