صوبائی حکومت گلگت بلتستان کی تعمیروترقی اور خوشحالی کے لئے دن رات کوشاں ہے ، شہزادہ حسین مقپون

وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن اور اس کی ٹیم کی کاوشوں سے آج جی بی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، فٹ بال ٹورنمنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب

پیر جون 22:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2018ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے سپیشل کواڈینٹر و صوبائی صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ شہزادہ حسین مقپون نے کہاہے کہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان کی تعمیروترقی اور خوشحالی کے لئے دن رات کوشاں ہے ۔۔وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن اور اس کی ٹیم کی کاوشوں سے آج جی بی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ صوبائی حکومت علاقے میں کھیلوں کو فروغ دینے اور بین الاضلاعی کھیلوں کی سر گرمیوں کے ذریعے پائیدارامن ،اخوت بھائی چارگی اور رواداری کو فروغ دے رہی ہے۔

برادرز سپورٹس کمیٹی گلگت کا علاقے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مثالی کردار رہا ہے ان کی امن پسند اور یوتھ کو یکجا کرنے کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے برادرز سپورٹس کمیٹی کے زیر اہتمام گورنمنٹ ہائی سکول نمبر ایک گلگت میں منعقدہ فٹ بال ٹورنامنٹ کے اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ حسین مقپون نے مزید کہاکہ جب سے پاکستان مسلم لیگ ن کی صوبے میں حکومت قائم ہوئی ہے تب سے کھیلوں کے شعبے کو فعال کرنے کے لئے ترجہی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہے ہیں۔ بدقسمتی سے ماضی میں اس شعبے کو یکسر نظر انداز کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن کی ذاتی کوششوں سے گلگت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گلگت بلتستان سپرلیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد کیا گیا جس سے بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور نئے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے میں مدد ملی۔ انہوںنے شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر سپورٹس کمیٹی کے منتظمین کو مبلغ 25 ہزار اور فاتح ٹیم کو 3 ہزار جبکہ رنر اپ ٹیم کو 2 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔