کراچی کو ایک سازش کے تحت بدامنی و لسانیت کے بھینٹ چڑھایا گیا، اسد اللہ بھٹو ، مولانا غیاث

کامیاب ہوکر شہر کی روشنیاں بحال اور کراچی کے دینی و قومی تشخص کو بحال کریں گے مچھر کالونی میں ذمہ داران و علماء کے اجتماع سے خطاب

پیر 25 جون 2018 22:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنماء اور این اے 242پر نامزد امیدوار اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ قومی سیاست میں کراچی نے ہمیشہ ہر اول دستہ کا کام کیا ہے مگر عالم اسلام کے اس بڑے شہر کو ایک سازش کے تحت بدامنی و لسانیت کے بھینٹ چڑھایا گیا۔ کامیاب ہوکر شہر کی روشنیاں بحال اور کراچی کے دینی و قومی تشخص کو بحال کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مچھر کالونی جامعہ صدیقیہ میں مجلس عمل پی ایس 99 کے ذمہ داران و علماء کرام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی اسمبلی 99 اور 100 پر نامزد امیدوار ں مولانا غیاث، محمد یونس بارائی ، مہتمم جامعہ مولانا راز محمد خان نے بھی خطاب کیا جبکہ ہر سطح کے ذمہ داران شریک تھے اس موقع پر یکم جولائی کو علماء کنونشن، 2 جولائی کو نیوسبزی منڈی اور 7 جولائی کو بسم اللہ مارکیٹ میں جلسہ کا اعلان بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ اس وقت ملک و قوم کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری، بجلی بحران کے علاوہ دشمن ہمیں فرقہ واریت و علاقہ جات کی بنیاد پر تقسیم کر کے خانہ جنگی جبکہ مخالفین کراچی سمیت ملک کے اسلامی تشخص کو ختم کر کے اپنے مضموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیںجن کو ناکام بنا کر قوم کے اندر اتحاد و یکجہتی کی فضا پیدا کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔

مجلس عمل اسی مشن و پیغام کو آگے لیکر انتخابی میدان میں اتری ہے۔ عوام کادرست فیصلہ اور دینی قوتوں کو آگے کے آگے رکاوٹیں کھڑی نہ کی گئیں تو ایم ایم اے کراچی سمیت ملک بھر سے بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ مولانا غیاث نے کہا کہ جدوجہد ہمارا کام ہے نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکنان رابطہ مہم تیز کردیں ان شاء اللہ کتاب کی کامیابی یقینی ہے۔

یونس بارائی نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی دیانتدار قیادت ہی کراچی کے مسائل کو حل اور عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، دریں اثناء اسداللہ بھٹو نے ایم ایم اے کے شہید رہنماء علامہ حسن ترابی کے گھر عباس ٹائون پہنچ کر انکے صاحبزدگان روح اللہ اور احمد ترابی سے ملاقات کی، جنہوں نے انتخابات میں انہیں اپنے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔