ضابطہ اخلاق کی پاسداری یقینی بناتے ہوئے انتخابی عمل میں رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے،ڈاکٹر حسن عسکری

نگران حکومت غیر جانبداری برقرار رکھتے ہوئے قانون کی مکمل عملداری یقینی بنانے کے لئے پرعزم اور پراعتماد ہے تمام سیاسی جماعتوں اور آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو لیول پلینگ فیلڈفراہم کی جا رہی ہے عوام کو آزادانہ ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام آئینی اقدامات بروئے کار لائیں گے جو پرامن او ر منصفانہ انتخابات کی بنیاد ہیں ووٹرز کو حق رائے دہی کے استعمال کیلئے پرامن ماحول فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے،نگران وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 25 جون 2018 22:55

ضابطہ اخلاق کی پاسداری یقینی بناتے ہوئے انتخابی عمل میں رکاوٹ حائل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ منصفانہ ، آزادانہ اور شفاف انتخابات کا پرامن انعقاد اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں صوبائی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق کی پاسداری یقینی بناتے ہوئے انتخابی عمل کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے۔

نگران حکومت اپنی غیر جانبداری برقرار رکھتے ہوئے قانون کی مکمل عملداری کے لئے پرعزم اور پراعتماد ہے۔ انتظامیہ اور پولیس افسران سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ مینڈیٹ کے مطابق اپنے فرائض سے بطریق احسن عہدہ برآ ہو کر انشاء اللہ قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

(جاری ہے)

نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو لیول پلینگ فیلڈفراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ آزادانہ ماحول میں انتخابی عمل میں حصہ لے سکیں اور رائے دہندگان کو اپنے امیدواروں کے چنائو کا موقع مل سکے۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ اضلاع میں ضابطہ اخلاق کی پابندی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انتخابات کے پرامن انعقاد سے متعلق انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاکہ ووٹرز کو حق رائے دہی کے استعمال کیلئے پرامن ماحول فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور معاشرے کے ہر فرد کو اپنی قومی ذمہ داریوں کا احساس کرکے حکومتی اداروںکے ساتھ مکمل تعاون کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ پولنگ کے دوران امن و امان ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔ انتخابی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کی عملداری یقینی بنائی جائے گی۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ منصفانہ انتخابات پائیدار جمہوریت کی شرط اول ہیں۔ نگران حکومت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی اخلاقی وقومی ذمہ داری نبھانے کیلئے ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

اپنی اخلاقی و قومی ذمہ داری کی احسن طریقے سے ادائیگی کیلئے غیرمتزلزل طریقے سے کوشاںہیں۔مانیٹرنگ کے موثر نظام سے انتخابی عمل کو مکمل طور پر شفاف بنانے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام آئینی اقدامات بروئے کار لائیں گے جو پرامن او ر منصفانہ انتخابات کی بنیاد ہیں تاکہ عوام کو آزادانہ ماحول میں اپنے حق رائے دہی کے استعمال کا پورا موقع مل سکے۔ ووٹرز کو پرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے طے شدہ لائحہ عمل پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔