ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ کا بغیر پروٹوکول اور پیشگی اطلاع کے سب رجسٹرار اربن اور رورل کا دورہ ، 2نائب قاصد معطل

پیر جون 23:03

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2018ء) ڈپٹی کمشنرکا بغیر پروٹوکول اور پیشگی اطلاع کے سب رجسٹرار اربن اور رورل کا دورہ ، 2نائب قاصد معطل ۔ تفصیلات کے مطابق ڈی سی طاہر وٹو نے آج صبح بغیر اطلاع کے بطور سائل سب رجسٹرار اربن اور رورل سیالکوٹ پہنچے اور رجسٹرار آفس میں سائلین کے ساتھ ہونے والے سلوک کا مشاہدہ کیا جب اس دوران آفس کا عملہ بے خبر رہا ۔

ڈی سی طاہر وٹو نے رجسٹرار رورل کے نائب قاصدوں رفاقت علی اور محمد صابر کوسائلین کے ساتھ ناشائستہ رویہ اپنانے پر موقع پر ہی ان کے معطلی کے احکامات جاری کئے جبکہ رجسٹری محرر اور دیگر عملہ کو خبردار کیا کہ وہ اپنے فرائض منصبی کی انجام دہی پوری دیانت داری اور ایمانداری سے انجام دیں بصورت دیگر ان کا بھی محاسبہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اراضی ریکارڈ سنٹر سیالکوٹ کو دورہ کیا اور سائلین کیلئے پینے کے ٹھنڈے پانی کی عدم دستیابی اور ان کو بلا وجہ انتظار کروانے پر اراضی سنٹر کے حکام اور عملہ کی سرزنش کی اور کہاکہ اراضی سنٹر میں آنے والے سائلین کے ساتھ ایک جیسا سلوک روا رکھا جائے اور پہلے آئیں ، پہلے پائیں کی بنیاد پر ڈیل کیا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ ہر شہری وی آئی پی کی سہولیات فراہم کی جائیں کیونکہ یہ ان کا بنیادی حق ہے جو ان کو پاکستان کا شہری ہونے کے ناطے حاصل ہے۔ انہوں نے سرکاری ملازمین اور افسرا ن خدمت سے جذبے سے فرائض منصبی انجام دیں اور اپنے اختیارات کا درست استعمال کرنے ہوئے ان کو عوام کے بہترین مفاد میں استعمال کریں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرائض منصبی کی انجام دہی میں لاپروائی ، تسائل اور غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کے مرتکب ملازمین کے خلاف حسب ضابطہ بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :