مسلم لیگ (ن) پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے، خو ش اختر سبحانی

ہم اپنی کارکردگی اور عوامی خدمت کی بدولت دوبارہ حکومت بنائیں گے ، دھرنا پارٹی کا سیاسی مستقبل اندھیروں میں ہے، انتخابی مہم سے خطاب

پیر 25 جون 2018 23:03

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) سابق صوبائی وزیر وپاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما چودھری خو ش اختر سبحانی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) آج بھی پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے ۔ ہم اپنی کارکردگی اور عوامی خدمت کی بدولت دوبارہ حکومت بنائیں گے ۔ دھرنا پارٹی کا سیاسی مستقبل اندھیروں میں ہے ۔ جو لگ اپنے مفادات کے لئے ملکی سلامتی داؤ پر لگا دیتے ہیں ان کوقومیں کبھی اپنا لیڈر تسلیم نہیں کرتی ۔

میاں محمد نواز شریف نے تمام پریشانیوں کا جواں مردی سے مقابلہ کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق رکن قومی اسمبلی و نامزد امیدوار این ای72 چودھری ارمغان سبحانی ، سابق ایم پی اے چودھری طارق سبحانی کے ہمراہ یونین کونسل وریو میں متعدد یونین کونسلوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین یونین کونسل پراگ پور چودھری محمد لطیف ،وائس چیئرمین چودھری امتیاز احمدجٹ ، چیئرمین یونین کونسل دھیرا سندھا حاجی عبد القیوم ، وائس چیئرمین راناطارق ایڈووکیٹ و دیگر رہنماموجود تھے ۔

امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این ای72چودھری ارمغان سبحانی نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی پانچ سال کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے ۔ مسلم لیگ(ن) نے عوامی مسائل حل کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے اور بلدیاتی انتخابات کروا کر عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ آج قوم مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دے کر کامیاب کروائے تا کہ ترقی کا سلسلہ رکنے کی بجائے تسلسل سے جاری رکھا جا سکے ۔