Live Updates

ملک کی بڑی مذہبی سیاسی جماعت نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا

جمیعت علما پاکستان نیازی نے عام انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا، الیکشن کمیشن اور نیب کی کارکردگی مایوس کن ہے،احتساب کے بغیر انتخابات بے معنی ہوں گے، دو فرقہ وارانہ کالعدم جماعتیں بھی نئے ناموں سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں، پیر معصو م نقوی

muhammad ali محمد علی پیر 25 جون 2018 21:38

ملک کی بڑی مذہبی سیاسی جماعت نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2018ء) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی کی زیر صدارت مجلس عاملہ اور شوریٰ کے مشترکہ اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال اور انتخابی معاملات پر غور و غوض کے بعدالیکشن کمشن اور نیب کی کارکردگی کو مایوس کن قراردیتے ہوئے عام انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ احتساب کے بغیر انتخابات بے معنی ہوں گے۔ پانامہ کیس سمیت کسی بھی مقدمے کا ابھی تک کوئی فیصلہ آیا ہے اور نہ ہی کرپٹ عناصر کو کسی قسم کی سزا سنائی گئی ہے۔ سب سے بڑا قومی مجرم نواز شریف بیوی کی بیماری کا بہانہ بناکر لندن میں بیٹھ گیا ہے ۔کرپشن کے خاتمے کے لئے دھرنے دینے والی پارٹیاں بھی اسی کرپٹ نظام کے تحت انتخابات میں حصہ لے کر قوم کو مایوس کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

دو فرقہ وارانہ کالعدم جماعتیں بھی نئے ناموں سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ ایک کو اقوام متحدہ کی ہدایت پر دہشت گردقراردیا گیا تو دوسری معصوم لوگوں کے قتل میں ملوث ہونے پر جنرل مشرف کے دور سے کالعدم قراردی گئی ہے۔ جے یو پی نے پہلے بھی قومی اداروں خاص طور پر عدلیہ سے اپیل کی تھی کہ کرپٹ عناصر کا راستہ روکنے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں، مگر کوئی موثر اقدام نہیں کیا گیا۔

الیکشن کمشن کی زیر نگرانی انتخابی عمل جاری ہے۔ مگر کسی کرپٹ لیڈر کے کاغذات نامزدگی مسترد نہیں کئے گئے۔ جس کا مطلب ہے کہ آئین کے آرٹیکل 62اور63 کو غیر موثر کرکے احتساب کے عمل کو بھی ناکارہ کردیا گیا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ احتساب کا عمل کچھوے کی چال چل رہا ہے جبکہ کرپشن کی رفتار راکٹ سے بھی زیادہ تیز ہوچکی ہے۔

جن لوگوں نے قومی دولت کو لوٹا انہیں عدالتی کٹہرے میں نہیں لایا جاسکا۔اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ جے یو پی نیازی کے ملک بھر سے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی احتجاجاً واپس لے لیں ۔کیونکہ کرپشن کو تحفظ دینے والے نظام کا حصہ نہیں بنیں گے۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ الیکشن کا مطلب عوامی احتساب ہے۔ جو نظرنہیں آرہا۔عمران خان اور ان کی جماعت کرپشن کے نظام کا حصہ بن کر اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے تو وہ اپنے دھرنے کے مقاصد کو نظر انداز کررہے ہیں ۔وہ وزیر اعظم بن بھی جائیں تو نظام کو درست نہیں کرسکتے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات