بورے والا میں چوہدری نذیر احمد آرائیں کے انتخابی دفتر پر مخالفین کی ہلڑ بازی

ہنگامہ آرائی اور تصادم حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے گاڑیوں میں سوار ہو کر فرار ہو گئے ،فائرنگ کی زد میں آ کر 14سالہ راہگیر شہباز احمد شدید زخمی ہو گیا

پیر 25 جون 2018 23:20

بورے والا :(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) بورے والا میں مسلم لیگ ن کے امیدوار این اے 162چوہدری نذیر احمد آرائیں کے انتخابی دفتر پر ان کے مخالف سابق نا اہل ایم این اے نذیر احمد جٹ کے حامیوں کی ہلڑ بازی ہنگامہ آرائی اور تصادم حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے گاڑیوں میں سوار ہو کر فرار ہو گئے ،فائرنگ کی زد میں آ کر 14سالہ راہگیر شہباز احمد شدید زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال داخل کروا دیا گیا تفصیلات کے مطابق ن لیگی امیدوار چوہدری نذیر احمد آرائیں کے کاغذات نمامزدگی ریٹرننگ آفیسر ایڈیشنل سیشن جج خاور رشید نے اثاثے ظاہر نہ کرنے اور قیمتی سرکاری اراضی کو مبینہ طور پر اپنے نام ڈگری کروانے کے الزامات پر مسترد کر دیئے تھے جس کے خلاف کی گئی اپیل کی سماعت الیکشن ٹربیونل ملتان قاضی امین الدین خان کی عدالت میں جاری تھی فاضل جج نے اس متنازعہ سرکاری اراضی کے بار ے میں ریٹرننگ آفیسر سے ہنگامی رپورٹ طلب کر رکھی تھی ریٹرننگ آفیسر کی ہدایت پر سول جج نوید خالق موقع پر محلہ داروں کے بیانات قلمبند کر رہے تھے کہ اسی اثناء میں نذیر جٹ گروپ کے حامی اپنی گاڑیوں میں سوار ہو کر وہاں آ گئے اور نعرہ بازی کے علاوہ ہلڑبازی شروع کر دی جس کے جواب میں چوہدری نذیر آرائیں کے دفتر میں موجود کارکن بھی باہر نکل آئے اور جوابی کاروائی کے دوران گھونسوں ،ڈنڈوں اور تلخ جملوں کا تبادلہ شروع ہو گیا ہنگامہ آرائی دیکھ کر سینکڑوں افراد وہاں جمع ہو گئے اور حملہ آوروں کو قابو کرنے کی کوشش کی تاہم حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے فائرنگ کی زد میں آ کر 14سالہ نوجوان شہباز احمد شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر THQہسپتال ریفر کر دیا گیا گولی اس کے کولہے کے آر پار ہو گئی وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی بتایا جاتا ہے کہ اس وقوعہ کے سلسلہ میں چوہدری نذیر احمد آرائیں کی طرف سے مقامی پولیس کو ذمہ دارا ن کا تعین کر کے قانونی کاروائی کے اندراج کے لیے درخواست دے دی گئی ہے #