نیب کا حسن نواز، حسین نواز اور اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کروانے کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی پیر 25 جون 2018 22:04

نیب کا حسن نواز، حسین نواز اور اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار ..
لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 جون 2018ء) نیب کا حسن نواز، حسین نواز اور اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کروانے ک فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق سابق اورنا اہل قرار دیے گئے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کیخلاف نیب میں جاری کیسز آخری مراحل میں داخل ہو گئے ہیں۔ نیب کی جانب سے جو کیسز دائر کیے گئے وہ نواز شریف، مریم نواز، حسن نواز، حسین نواز اور اسحاق ڈار کیخلاف ہیں۔

ان کیسز کو گزشتہ برس نواز شریف کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد سپریم کورٹ کے حکم پر کھولا گیا تھا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے حکم دیا گیا تھا شریف خاندان کیخلاف چلائے جانے والے نیب کیسز کو 6 ماہ کے اندر نمٹایا جائے۔ تاہم بعد ازاں قانونی پیچیدگیوں اور احتساب عدالت کی درخواست پر سپریم کورٹ کیسز کی مدت میں ایک سے زائد مرتبہ اضافہ کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز مسلسل احتساب عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب نواز شریف کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز اس دوران ایک مرتبہ بھی نہ پاکستان آئے، نہ ہی انہوں نے احتساب عدالت میں ایک مرتبہ بھی پیش ہونے کی کوشش کی۔ حسن اور حسین نواز کے علاوہ اسحاق ڈار بھی نیب کیسز کے دوران لندن میں مقیم رہے ہیں۔

دوسری جانب کلثوم نواز کی خراب طبیعت کے باعث اب نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز بھی لندن جا چکے ہیں۔ نواز شریف اور مریم نواز کی جلد وطن واپسی کا امکان نہیں۔ اس صورتحال میں اب نیب نے حسن ںواز، حسین نواز اور اسحاق ڈار کو گرفتار کروا کے  وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں نیب کی جانب سے انٹرپول کو متعلقہ حکام  کے ذریعے  باقاعدہ درخواست بھیجی جائے گی۔ درخواست میں انٹرپول کو اسحاق ڈار، حسن نواز اور حسین نواز کو لندن سے گرفتار کرکے پاکستان واپس لانے کی درخواست کی جائے گی۔