دُبئی:پولیس والے نے قیدی کے 6000درہم ڈکار لئے

پولیس اہلکار نے عدالت میں اعترافِ جُرم کر لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 26 جون 2018 10:49

دُبئی:پولیس والے نے قیدی کے 6000درہم ڈکار لئے
دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جُون 2018ء) لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کا ذمہ دار پولیس اہلکار قیدی کے 6000 اماراتی درہم ہڑپ کر گیا۔ تفصیلات کے مطابق دُبئی پولیس نے اپریل 2018ء میں ایک بھارتی بزنس مین کو چیک باؤنس ہونے کے معاملے میں گرفتار کیا تھا جس کے قبضے سے لی گئی رقم تھانے میں موجود سیفٹی بکس میں بطور امانت رکھ دی گئی تھی۔ گرفتاری کے چند روز بعد بزنس مین کو بتایا گیا کہ عدالت نے اُسے 1800اماراتی درہم کا جرمانہ کیا ہے۔

اس پر بزنس مین نے پولیس کو بتایا کہ اُس نے حوالات میں جانے سے قبل اپنے پاس موجود رقم تھانے میں موجود سیفٹی باکس میں رکھوائی تھی۔ جس پراُسے متعلقہ شعبے میں لے جایا گیا۔ وہاں جا کر پتا چلا کہ سیفٹی باکس میں سے اُس کی جانب سے رکھوائی گئی 6000امارتی درہم کی رقم غائب ہے۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش سے ظاہر ہوا کہ ایک بیس سالہ پولیس اہلکار نے سیفٹی بکس سے رقم چُرالی ہے۔

استغاثہ کی جانب سے پولیس اہلکار پر چوری کے الزام میں فردِ جُرم عائد کر دی گئی۔ پولیس اہلکار نے عدالت کے پریزائیڈنگ جج عُرفان عمر سے رحم کی اپیل کی۔ ملزم نے اپنی چوری کا اعتراف کرتے ہوئے استغاثہ کو بتایا کہ سیفٹی باکس دو چابیوں سے کھولا جا سکتا ہے‘ ان میں سے ایک چابی قید کیے گئے بزنس مین کو دی گئی تھی۔ اُس نے دُوسری چابی کی ڈپلیکیٹ بنوا کر بزنس مین کے علم میں لائے بغیر رقم نکال لی۔

ملزم کے مطابق اُسے ایک گیراج میں کھڑی اپنی گاڑی کی مرمت کے لیے رقم کی ضرورت تھی‘ جس کے باعث اُس نے یہ قدم اُٹھایا۔ جبکہ بزنس مین نے پولیس تفتیش کاروں کے سامنے کہا ہے کہ اگر ملزم اہلکار اُس کی رقم واپس کر دیتا ہے تو وہ اس صورت میں اپنی شکایت واپس لے کر اُسے معاف کر دے گا۔ اس مقدمے کا فیصلہ 16 جولائی 2018ء کو سُنایا جائے گا۔