متحدہ عرب امارات:ضعیف العمر شخص نے پولیس ایمرجنسی سروس کو مجلس مشاعرہ بنا لیا

مذکورہ شخص ہر روز 999 پر کال کر کے اپنی شاعری سُناتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل جون 11:15

متحدہ عرب امارات:ضعیف العمر شخص نے پولیس ایمرجنسی سروس کو مجلس مشاعرہ ..
عجمان( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جُون 2018ء) عجمان میں مقیم ایک بزرگ اماراتی شہری ہر روز پولیس آپریشنز کی ہاٹ لائن 999پر کال کر کے پولیس اہلکاروں سے درخواست کرتا ہے کہ وہ اُس کی نئی تخلیق شدہ نظم سُنیں۔ بوڑھا ہر روز اصرار کر کے اپنی پُوری نظم سُناتا جس سے اہلکاروں کا اچھا خاصا وقت صائع ہوتا۔ پولیس اہلکاروں کی جانب سے اُس کی کال کے دوران بہت صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جاتا رہا۔

کچھ عرصہ بعد معمر شخص اپنے اس فعل سے باز آ گیا۔ عجمان پولیس کے آپریشن روم کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل ہشام عبداللہ بُوشاب کا کہنا ہے ’’میں لوگوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ ایمرجنسی نمبر کا غلط استعمال نہ کریں۔ ہمیں ہر روز جنرل انکوائریز کے سلسلے میں بے شمار کالز موصول ہوتی ہیں۔ لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ 999 کی سروس اُن لوگوں کے لیے ہے جو کسی ایمرجنسی کا شکار ہو گئے ہیں‘ یعنی کسی حادثے‘ دل کے دورے یا آتش زدگی کا کوئی واقعہ ہو۔

(جاری ہے)

لوگوں کو ایمرجنسی کی صورت درپیش نہ ہونے کی صورت میں 999پر کال نہیں کرنی چاہیے۔ عجمان پولیس کے آپریشنز روم نے رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران دوران 177,000 کالز ریسیو کیں‘ جو ماہانہ 69,000کی اوسط بنتی ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ ان میں سے صرف 16000 کالز ایمرجنسی سے متعلق تھیں۔ رمضان کے دوران اکثر لوگ کالز کر کے افطار کے وقت کے متعلق استفسار کرتے رہے۔

پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ساز و سامان سے آراستہ نیا آپریشن روم شروع کیا ہے۔ اس آپریشن روم میں سمارٹ میپ کی سہولت موجود ہے جس سے جائے حادثہ کے نزدیک پولیس پٹرول ٹیم کو آگاہ کرنے میں سہولت میسر ہوتی ہے۔ جس کے باعث فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچا جا سکتا ہے۔ یہ سمارٹ میپ جائے حادثہ سے 200 میٹر تک کی دُوری پر موجود پٹرول ٹیم کو اطلاع روانہ کرتا ہے۔صارفین کی سہولت کے عربی‘ انگریزی‘ اُردو اور منڈیرین جانے والے اہلکار موجود ہوتے ہیں۔ ‘‘ کرنل الشاب کا مزید کہنا تھا کہ نان ایمرجنسی واقعات کی رپورٹ کے لیے حکومت کی طرف سے علیحدہ لائن 901 قائم کی گئی ہے۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ 999کی ایمرجنسی لائن کو بلاوجہ استعمال نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :