روہنگیا مسلمانوں کے خلاف جرائم میں کردار، یورپی یونین نے میانمار کی 7 پولیس اور فوجی عہدیداروں پر پابندیاں عائد کر دیں

منگل 26 جون 2018 11:20

برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) یورپی یونین نے روہنگیا مسلمانوںکے خلاف مبینہ مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تناظر میں میانمار کے 7 سینئر پولیس اور فوجی افسران پر پابندیاں عائد کر دیں۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابقروہنگیا بحران کے تناظر میں یورپی یونین کی جانب سے میانمار کے سکیورٹی عہدیداروں پر پابندیاں عائد کرنے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

(جاری ہے)

متعلقہ فوجی اور پولیس اہلکاروں کے یورپ میں ممکنہ اثاثے منجمد کر دیئے گئے ہیں اور ان کے یورپ کے سفر پر بھی پابندیاں لگا دی گئی ہیں۔ اس بارے میں یورپی یونین کے رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ کے ایک مشترکہ بیان میں بتایا گیا کہ یہ پابندیاں ریاست رخائن میں غیر قانونی قتل، جنسی زیادتی کے واقعات اور روہنگیا مسلمان کے مکانات کے نذر آتش کرنے کے واقعات کے سلسلے میں لگائی گئی ہیں۔