مودی کی جان کو خطرہ ہے،بھارتی وزارت داخلہ نے سیکیورٹی کے نئے ضابطہ اخلاق جاری کردیئے

کسی کو مودی کے قریب آنے کی اجازت نہیں ہوگی ،غیر متعلقہ وزیر ، پولیس افسران بھی انتہائی قریب نہیں آئیں گے،نیامراسلہ جاری

منگل 26 جون 2018 12:20

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) بھارتی وزارت داخلہ نے انتباہ جاری کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جان کو خطرہ ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ نے تما م ریاستوں کے پولیس سربراہوں کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو نا معلوم خطرہ لاحق ہو گیاہے ۔قومی سلامتی کونسل نے وزیر اعظم کی حفاظت سے متعلق مختلف اداروں کو بتایا کہ بھارت کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کی قیادت چونکہ مودی کے ہاتھوں میں ہے اسی لئے 2019 کے عام انتخابات کے لئے وہ سب سے اہم ہدف ہیں، لہذا انہیں غیر ضروری نقل و حمل اور ہجوم سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ نے مودی کی سیکیورٹی کے حوالے سے نئے ضابطہ اخلاق جاری کئے ہیں جن کے تحت کسی کو بھی مودی کے قریب آنے کی اجازت نہیں ہوگی یہاں تک کہ غیر متعلقہ وزیر اور پولیس افسران بھی مودی کے انتہائی قریب نہیں آئیں گے۔

(جاری ہے)

مودی کی قریبی حفاظتی ٹیم کو بھی ان کے آس پاس غیر ضروری انسان کی موجودگی کا خیال رکھنے کے لئے خاص ہدایت جاری کر دی گئیں ہیں۔

گزشتہ ماہ سخت سیکیورٹی کے باوجود ایک شخص مودی کے پیروں کو چھونے میں کامیاب ہو گیا تھا، وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ مودی سے عوامی رابطے کو بھی مزید کم کرنے کی ضرورت ہے۔بھارتی ذرائع کے مطابق مودی کے ساتھ چلنے والی کمانڈوز کی حفاظتی ٹیم کے ارکان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔پولیس کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعظم کو ہدایت تو نہیں کر سکتے مگر ان سے عوامی مصروفیات کے بارے میں تھوڑا محتاط ہونے کی درخواست ضرور کی ہے۔