ترکی میں انتخابات صاف شفاف اورمنصفانہ نہیں تھے، بین الاقوامی مبصرین

انتخابات میںاپوزیشن جماعتوں کومہم چلانے کے مساوی مواقع مہیا نہیں کیے ، تنظیم برائے یورپی سلامتی و تعاون

منگل 26 جون 2018 12:20

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) یورپی سلامتی اور تعاون کی تنظیم او ایس سی ای کے مبصرین نے کہا ہے کہ ترکی میں اتوار چوبیس جون کو ہونے والے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات غیر منصفانہ تھے، جس دوران اپوزیشن جماعتوں کو مساوی مواقع مہیا نہیں کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق تنظیم برائے یورپی سلامتی اور تعاون (او ایس سی ای) کے بین الاقوامی مبصرین نے کہاکہ ترکی میں کرائے گئے حالیہ صدارتی اور پارلیمانی انتخابات اس لیے غیر جانبدارانہ اور منصفانہ نہیں تھے کہ ان انتخابات میں آزادیوں کو محدود کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کو سیاسی طور پر اپنی اپنی انتخابی مہم چلانے کے لیے مساوی مواقع مہیا نہیں کیے گئے تھے۔

مبصرین کے مطابق اس دوران ترکی میں، جہاں پہلے ہی سے ذرائع ابلاغ کی آزادی کو محدود کیا جا چکا ہے، خاص طور پر اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم کو ملک میں کافی عرصے سے نافذ ہنگامی حالت سے بھی واضح طور پر نقصان پہنچا۔