قمر الاسلام کی گرفتاری باعث تشویش ہے، اس معاملے کو الیکشن کمیشن کمیشن میں لے کر جائیں گے، ترجمان مسلم لیگ (ن)

منگل 26 جون 2018 12:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) نے اپنے امیدوار قمر الاسلام کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2013ء کے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہونے والے شخص کی اس طرح گرفتاری اس کی شہرت کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ پارٹی اس معاملے کو الیکشن کمیشن کمیشن میں لے کر جائے گی۔ منگل کو مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار قمر الاسلام کی گرفتاری قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

انتخابات سے قبل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی گرفتاری الیکشن کے نتائج پر اثر انداز ہو گی۔ انتخابات سے 25 دن قبل اور قمر الاسلام کے الیکشن کمیشن سے کاغذات منظور ہونے کے بعد ان کی گرفتاری باعث تشویش ہے۔ انتخابی مہم کے دوران قمر الاسلام کی گرفتاری ان کی سیاسی ساکھ اور شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ مسلم لیگ (ن) قمر الاسلام کی گرفتاری کا معاملہ الیکشن کمیشن میں لے کر جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ایسے اقدامات شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی روح کے سراسر منافی ہیں۔