پاکستان کے مغربی حصے کو سی پیک سے منسلک کرنے کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں، قائم مقام چینی سفیر

منگل جون 12:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2018ء) پاکستان میں تعینات چین کے قائم مقام سفیر چاؤ لی چیئن نے کہا ہے کہ چین کی حکومت پاکستان کے مغربی حصے کو سی پیک سے منسلک کرنے کیلئے اٹھائے جانی والے اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کے نظریہ کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبہ میں پاکستان کے تمام حصوں کو شامل کیا جائے، تاکہ نہ صرف چین اور پاکستان بلکہ خطے کے دیگر ممالک بھی اس منصوبہ سے استفادہ کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ 2013ء میں شروع ہونے والا سی پیک کا منصوبہ 2030ء تک جاری رہے گا۔ چینی قائم مقام سفیر نے مزید بتایا کہ سی پیک کے تحت تعمیر ہونے والے مختلف منصوبوں کے تحت ہزاروں مقامی افراد کو روزگار بھی فراہم کیا جائے گا، جن میں کراچی لاہور موٹروے میں 24 ہزار افراد جبکہ قراقرم ہائی وے کے فیز 2 میں 6 ہزار 400، بن قاسم بجلی گھر میں 3 ہزار اور قائد اعظم سولر پارک میں 1500 افراد کو روزگار فراہم کیا جارہا ہے۔