بھارت کشمیر میں اپنے کٹھ پتلیوں کے چہرے تبدیل کرتا رہتا ہے تاہم اس سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوتی: شبیر شاہ

کشمیری عوام کی جد و جہد آزادی کو کچلا نہیں جاسکتا اور نہ آزادی پسند عوام کے جذبہ حریت کو ختم کیا جاسکتا ہے

منگل 26 جون 2018 12:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںجموںو کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے نظربند سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں کٹھ پتلی حکمرانوں کی تبدیلی سے کوئی فرق نہیںپڑتاہے کیونکہ کشمیری عوام اس طرح کی سیاست سے ہمیشہ لاتعلق رہتے ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کشمیر میں اپنے کٹھ پتلیوں کے چہرے تبدیل کرتا رہتا ہے تاہم اس سے زمینی حقائق پر کوئی اثر نہیں پڑتا اور کشمیری عوام کو اُن کے حق خود ارادیت سے مسلسل محروم رکھا جارہا ہے جس کو عالمی سطح پر تسلیم کیاجاچکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے کٹھ پتلیوں کو استعمال کرکے یہاں کے لوگوں کو ہمیشہ دھوکہ دیتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء فریڈم پارٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے تہاڑ جیل میںشبیر احمد شاہ کی حالت دن بدن بگڑتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا نظربند رہنما کے اہلخانہ کے مطابق شبیر احمد شاہ کی صحت انتہائی خراب ہے اور وہ چل پھر بھی نہیں سکتے۔ جیل حکام سینئر حریت رہنما کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں تاہم ان کے حوصلے بلند ہیں۔

ترجمان نے ضلع کولگام کے علاقے چڈر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں ایک اور نہتے نوجوان کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے سری گفوارہ کے زخمی نوجوان کے جاں بحق ہونے پر بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت جموں وکشمیر میں نسل کشی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے کیونکہ اُس کے مشیر لال سنگھ جیسے فرقہ پرست سیاستدان ہیں جو کھلے عام کشمیری صحافیوں کو قتل کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کی جد و جہد آزادی کو کچلا نہیں جاسکتا اور نہ ہی آزادی پسند عوام کے جذبہ حریت کو ختم کیا جاسکتا ہے۔ترجمان نے حال ہی میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔