مقبوضہ کشمیر‘حریت چیئرمین کا ترک صدر کو انتخابات میں کامیابی پر مباکرباد

صدر اردغان نے ہمیشہ کشمیری قوم کی حقِ خودارادیت کی تحریک کی حمایت کی ہے

منگل 26 جون 2018 12:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ترکی کے صدر طیب اردغان کی انتخابات میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دلی مبارک باد پیش کی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا جس جرأت اور بہادری سے طیب اردغان ملّت کے مسائل پر ردعمل ظاہر کرتے ہیں اس سے امت میںایک طویل عرصے کے بعد ایک خوشگوار امید جاگی ہے کہ مسلم امہ کی نڈر اور بے باک قیادت سامنے آرہی ہے۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ طیب اردغان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک واضح اور مبنی بر صداقت موقف رکھتے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ کشمیری قوم کی حقِ خودارادیت کی تحریک کی حمایت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر اردغان تنازعہ کشمیر کو اس کے تاریخی پسِ منظر میں حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔سید علی گیلانی نے کہاکہ تمام آزادی اور انصاف پسند ممالک اور خاص کر اسلامی ممالک کی تنظیموں پر ملی اور اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عملی اقدامات کے ذریعے ہمارے زخموں پر مرہم رکھیں تاکہ ہمیں بھی بحیثیت انسان جینے کی آزادی نصیب ہو۔

انہوںنے کہا کہ بھارت نے ہماری سرزمین میں گزشتہ 70سال سے فوجی طاقت کے بل پر ظلم وستم کی ناقابل بیان داستانیں رقم کی ہیں اور اس ننگی جارحیت اور زبردستی قبضے کے خلاف اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لانے کے باوجود ہم اس ظالم کے خونین پنجوں سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو پارہے جس کی بنیادی وجوہات میںجہاں بھارت کی ضد، ہٹ دھرمی اور اس کے زرخرید حواریوں کا گھناؤنا کردار رہا ہے وہیں عالمی اداروں اور خاص کر مسلم ممالک کی مجرمانہ خاموشی نے بھی بھارت کو اپنے ناجائز قبضے کو دوام بخشنے کے لیے حوصلہ بخشتا ہے۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ دنیا کے کسی کونے اور خاص کر کسی برادر ملک کی طرف سے ہمارے حق میں اٹھنے والی ہر آواز ہمارے حوصلوں اور جذبوں کو جلا بخشنے کا موجب بنتی ہے اور ہمیں اپنے مبنی برحق موقف پر اور زیادہ مضبوطی اور اعتماد کے ساتھ قائم رہنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ حریت راہنمانے کہا کہ ہم نے ہر حال میں بھارت کی بدترین غلامی سے نجات حاصل کرنے کی قسم کھا رکھی ہے اور ہم اپنے مقصد کے حصول تک اس عہد پر قائم ودائم رہیں گے۔