دُبئی:غیر ازدواجی تعلقات کے الزام میں خاوند کو پکڑوا دیا

عدالت نے ملزم کوالزامات سے بری کر کے وطن بدری کے احکامات بھی منسوخ کر دیئے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 26 جون 2018 12:54

دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جُون 2018ء) عدالت دوبارہ سماعت کے دوران بھارت سے تعلق رکھنے والے بزنس مین کو غیر ازدواجی تعلقات کے الزام میں سُنائی گئی سزا منسوخ کر دی۔ ملزم کے وکیل نے عدالت میں ثابت کر دیا کہ اُس کے مؤکل کی ایک دوسری خاتون کے ساتھ جنسی عمل کی بنائی گئی تصاویر جعلی اور فوٹوشاپ کا کمال ہیں۔ نومبر 2017ء میں دُبئی کی عدالت نے بھارتی بزنس مین کو ایک خاتون کے ساتھ جنسی تعلقات کے تصویری ثبوت پیش کرنے پر قید کی سزا سُنائی تھی۔

تفصیلات کے مطابق بزنس مین کی بیوی نے دعویٰ کیا تھا کہ اُس کا بیٹا اپنی ماں کا لیپ ٹاپ استعمال کر رہا تھا کہ اُسے اپنے سوتیلے باپ (بزنس مین)کی ایک غیر خاتون کے ساتھ جنسی عمل کے دوران کی تصاویر دکھائی دیں۔ جس کی اطلاع اُس نے اپنی ماں کو دی۔

(جاری ہے)

جس پر بزنس مین کی بیوی نے اُس کے خلاف غیر ازدواجی تعلقات کے ضمن میں مقدمہ درج کروا دیا۔اس مقدمے میں عدالت کی جانب سے ملزم کو سزا سُنائی گئی تھی۔

تاہم بزنس مین کی جانب سے اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنے پر اس کیس کا ٹرائل دوبارہ شروع ہوا۔ مقدمے کی از سر نو سماعت کے دوران بزنس مین کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیئے کہ اُس کے بزنس مین موکل کے خلاف اُس کی بیوی کی جانب سے دائر کیا گیا مقدمہ جھُوٹا اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ مؤکل کو جن تصاویر کی بنیاد پر سزا سُنائی گئی تھی وہ جعلی اور فوٹو شاپ کے ذریعے بڑی مہارت سے تیار کی گئی ہیں۔

جن کا مقصد بزنس مین کو غلط طور پر پھنسانا تھا۔ ملزم کے اپنے بیوی سے اختلافات کی بنیاد پر دُبئی میں مقدمہ چل رہا تھا ‘ اسی کینہ کے باعث موکل کی بیوی اور سوتیلے بیٹے نے یہ سازش رچی ہے۔ وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کی بیوی نے دعویٰ کیا تھا کہ اُس نے ملزم کی جنسی نوعیت کی تصاویر اُس کے لیپ ٹاپ میں دیکھی تھیں مگر دُبئی پولیس کی فرانزک لیبارٹری سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ یہ فوٹوز آئی فون سے لی گئیں اور پھر ان کے ساتھ تکنیکی چھیڑ چھاڑ کر کے بزنس مین کو پھنسانے کی کوشش کی گئی۔