پشاور، باچا خان ایئرپورٹ پر جنگی طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ،کیپٹن شہید

منگل 26 جون 2018 13:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر جنگی طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا اور طیارے کا کیپٹن شہید ہو گیا ،ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ منگل کو پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر جنگی طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق ٹیک آف کرکے جیسے ہی جہاز تھوڑی سی بلندی پر گیا، اس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی، جہاز کے کپتان نے قریبی آبادی کو بچاتے ہوئے جہاز کو موڑا لیکن کریش لینڈنگ کے دوران ہی اس میں آگ لگ گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق جہاز میں سے زوردار دھماکے کی آواز سنائی دی،دوسری جانب ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق طیارے کے کیپٹن اس واقعے میں شہید ہوچکے ہیں، تاہم ابھی اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔طیارہ تباہ ہونے کے باعث باچا خان ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیاہے ۔