زینب کے قاتل عمران کوسرعام پھانسی کی سزا دینے کیلئے درخواست پرہوم سیکرٹری پنجاب کو نوٹس جاری

مجرم عمران کے ڈیتھ وارنٹ جاری ہوئے ہیں یا نہیں،اس بارے میں بھی تفصیلات پیش کی جائیں ‘ لاہور ہائیکورٹ

منگل 26 جون 2018 13:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے زینب کے قاتل عمران کوسرعام پھانسی کی سزا دینے کیلئے درخواست پرہوم سیکرٹری پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔لاہورہائیکورٹ کے جسٹس انوارالحق نے زینب کے والد محمد امین کی درخواست پرسماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزارکے وکیل اشتیاق چوہدری نے بتایا کہ مجرم عمران کی تمام اپیلیں مسترد ہوچکی ہیں اورانسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مجرم کو سرعام پھانسی دی جا سکتی ہے۔

وکیل نے استدعا کی کہ مجرم عمران کو سرعام پھانسی کی سزا دینے کا حکم دیا جائے ۔ جسٹس انوارلحق نے اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب سے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ مجرم عمران کے ڈیتھ وارنٹ جاری ہوئے ہیں یا نہیں۔ ہائیکورٹ نے اس بارے میں بھی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔درخواست پر مزید سماعت 28 جون کو ہوگی۔