اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں مسائل کے حل کے لئے ہم آہنگی اور مشترکہ کوشش کا مطالبہ

منگل 26 جون 2018 13:40

اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش نے ہم آہنگی اور یکجہتی کے ساتھ مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں سالوں سے درپیش چیلنجز کے حل کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے یہ مطالبہ سلامتی کونسل کے چیمبر میں خطے میں مختلف فالٹ لائنز پر توجہ کے حوالے سے ایک مباحثے کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ شام ، یمن اور لیبیا جیسے ممالک کی علاقائی سالمیت خطر ے کا شکارہے، لاکھوں افراد زبر دستی اپنے گھروں سے نقل مکانی کر رہے ہیں اور غیر مستحکم صورتحال کے اثرات ہمسایوں اور ان سے بھی آگے تک پھیل رہے ہیں۔انہوں نے کونسل کو خطے میں کشیدہ صورتحال کی دوبارہ یاد دہانی کرائی ، اور سب سے پہلے اسرائیل فلسطین کی لڑائی سے بات آغاز کرتے ہوئے اسے مرکزی مسئلہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے دو ریاستی حل کے لیے اقوام متحدہ کی تجویز اور تعاون کو دہراتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں اطراف کی عوام امن کے ساتھ رہے گے۔سیکرٹری جنرل نے شام ، عراق ، لبنان اوریمن سمیت دیگر ممالک میں بھی جاری کشیدگی کے حل کے لیے مشترکہ کوشش کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کونسل کے ممبران سے ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ایک مشترکہ اور مضبوط آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ علاقائی تنظیمیں بھی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں۔