یورپی یونین افغان پناہ گزینوں کی مدد کرے، ایران

منگل 26 جون 2018 13:40

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) ایران نے کہا ہے کہ یورپی یونین ایران میں مقیم افغان پناہ گزینوں کی مدد کرے۔یہ بات ایران کے وزیر داخلہ وزیرداخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے تہران میں یورپی یونین میں مائیگریشن افیئر کے سربراہ ڈیمیٹرس اورا موپولوس سے ملاقات میں کہی۔انہوں نے کہا کہ افغان پناہ گزین ایران میں ایرانی شہریوں کی ہی طرح سے زندگی بسر کررہے ہیں اور ایران پر پناہ گزینوں کا بہت زیادہ بوجھ ہے ۔

انہوں نے یورپی یونین سے کہا کہ جب تک یہ پناہ گزین ایران میں ہیں اس وقت یورپی یونین انہیں انسان دوستانہ امداد اور تعلیمی و طبی سہولتیں فراہم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین چاہئے کہ وہ افغانستان میں حالات کو اس سطح پر لانے میں اپنا کردار اداکرے تاکہ افغان مہاجرین اپنی مرضی سے اپنے وطن لوٹ سکیں۔

(جاری ہے)

ایرانی وزیرداخلہ نے کہا کہ پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کے ذریعے دی جانے والی معمولی امداد پناہ گزینوں کے امور پر صرف ہوجاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے جولائی 2017ء کی اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ ایران میں دس لاکھ رجسٹرڈ افغان پناہ گزیں موجود ہیں جبکہ بیس لاکھ غیر قانونی افغان پناہ گزیں بھی ایران میں زندگی بسرکررہے ہیں ۔رہبراسلامی نے اپنے حکمنامے میں تمام افغان پناہ گزین بچوں کے لئے خواہ وہ قانونی ہوں یا غیر قانونی ہوں تعلیم کی سہولت مفت فراہم کرنے کا حکم دیا تھا اور ان افغان پناہ گزینوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔