اقوام متحدہ مداخلت کرکے مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت کا سلسلہ بند کرائے، یاسین ملک

منگل 26 جون 2018 13:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے اقوام متحدہ پر زوردیا ہے کہ وہ جمو ں وکشمیر میں مداخلت کرکے قتل و غارت کاسلسلہ بند کرائے جہاں بہیمانہ طریقے سے انسانی خون بہایا جارہا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے جنہیں پیر کو سرینگر میں گرفتار کیاگیا، ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ننگی جارحیت کو روکنے کیلئے مداخلت کرنی چاہیے۔

انہوںنے جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا اجلاس جنیوا میں جاری ہے اور مظلوم کشمیری بے صبری کے ساتھ اس پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زوردیا کہ وہ علاقے میں نسل کشی کو روکنے کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔

فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ کشمیریوں کو قتل ، معذور ، قید، تشدد اورتذلیل کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور اپنے پیدائشی حق ، حق خودارادیت سے مسلسل محروم رکھاجا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی رپورٹ پر عمل کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کو حل کرانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی فورسز نے اپنے سیاسی آقائوں کی ہدایت پر مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت میں تیزی لائی ہے جو زیادہ سے زیادہ کشمیریوں کو قتل کرکے آئندہ انتخابات میں فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوںنے گزشتہ چند روز میں شہید ہونے والے نوجوانوں کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جس دکھ ، درد اور کرب میں یہ لوگ مبتلا ہیں وہ انتہائی بھاری ہے لیکن ہم انہیں یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہرکشمیری ان کے اس غم میں برابر کا شریک ہے ۔