عالمی برادری تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے اقدامات کرے، میرواعظ عمر فاروق

منگل 26 جون 2018 13:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمرفارق نے کہاہے کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیری عوا م کے خلاف جاری بھارتی جارحیت کا سنجیدہ نوٹس لے او ر تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے اقدامات کرے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میرواعظ نے جواپنے گھر میں نظربند ہیں ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے جائز حق کی جدوجہد میں بھارتی مظالم کا سامنا کررہے ہیں اور یہ مسئلہ گزشتہ ستر سال سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے جبکہ اسلامی تعاون تنظیم نے بھی متعدد بار اس سلسلے میں قراردادیں منظور کی ہیں۔

انہوں نے بھارت کے بڑھتے ہوئے مظالم پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے ترکی کے صدر رجب طیب اردغان کی صدارتی انتخابات میں کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہرکی کہ صدر اردغان ماضی کی طرح عالم اسلام کو درپیش مسائل کے ساتھ ساتھ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ترکی عالم اسلام کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی برادری میں ایک امتیازی مقام کا حامل اسلامی ملک اور او آئی سی میں رابطہ گروپ برائے کشمیر کا بنیادی رکن ملک ہے۔

میرواعظ نے کہاکہ کہ صدر اردغان کی انتخابات میںکامیابی نہ صرف ترک عوام کیلئے ایک خوش آئند بات ہے بلکہ عالم اسلام کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کو بھی اس با اثر اسلامی ملک کے سربراہ سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ کشمیر اور فلسطین جیسے سلگتے ہوئے مسائل کے حل میں ترکی اپنا کلیدی کردار اد کرے گا۔ دریں اثناء حریت فورم کے ترجمان نے میرواعظ عمرفاروق اور سید علی گیلانی کومسلسل نظر بندرکھنے، محمد یاسین ملک اور مختار احمد وازہ کو گرفتار اورحریت کارکنوں کو ہراساں کرنے اور نادی ہل سوپور میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں بلا جواز فائرنگ میں ایک نہتے طالب علم کو زخمی کئے جانے کی شدیدمذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموںو کشمیر میں بھارتی فوج کی حکمرانی ہے جو حریت پسند قیادت اور عوام کو طاقت کے بل پر اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں سے دبانے کی کوشش کررہی ہے۔