بالی وڈ اداکار بوبی دیول کا بیٹا پہلی بار منظر عام پر

منگل 26 جون 2018 14:21

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) بالی وڈ اداکار بوبی دیول کا جواں سال بیٹا آریامن دیول پہلی بار منظر عام پر آگیا۔بوبی دیول طویل عرصے بعد سلور اسکرین پر بڑی فلم میں جلوہ گر ہوئے ہیں اور انہوں نے فلم ’ریس 3‘ میں اہم کردار کیا ہے۔بالی وڈ اداکار اپنی اہلیہ تانیا دیول کے ساتھ تقریبات میں نظر آتے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ ان چند اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے اپنی ذاتی زندگی کو سب سے اوجھل رکھا ہے۔

(جاری ہے)

بوبی دیول کے 2 بیٹے ہیں جو فلمی دنیا کی چکا چوند سے دور ہیں لیکن گزشتہ روز تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں ہونے والی آئیفا ایوارڈ کی تقریب میں پہلی بار وہ اپنے بیٹے کو منظر عام پر لے کر آئے۔فلم ’ریس 3‘ کے اداکار بوبی دیول 16 سالہ بیٹے آریامن دیول کے ہمراہ پہلی بار فلمی دنیا کی تقریب میں پہنچے تو کیمرے کی آنکھ نے وہ مناظر محفوظ کرلیے۔آریامن دیول کیمروں کے سامنے شرمیلے ثابت ہوئے اور کسی سے بات کیے بغیر ہی تقریب میں چلے گئے تھے۔