سعودی عرب:کارہائرنگ کمپنی بیس ہزار خواتین ڈرائیور بھرتی کرے گی

خواتین کی ڈرائیونگ شروع ہونے کے بعد کمپنی کی جانب سے بڑا فیصلہ سامنے آ گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 26 جون 2018 14:20

سعودی عرب:کارہائرنگ کمپنی بیس ہزار خواتین ڈرائیور بھرتی کرے گی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جُون 2018ء) سعودی عرب میں خواتین کی ڈرائیونگ کا سلسلہ شروع ہو گیا‘ اس حوالے سے سواریوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کرنے والی کمپنی کریم نے بھی ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2020ء تک کمپنی کی جانب سے بیس ہزار خواتین بطور ڈرائیورز بھرتی کی جائیں گی۔ان خواتین ڈرائیورز کو کپتانیہ کا نام دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں خواتین ڈرائیورز کی سروس سعودی عرب کے بڑے شہروں ریاض‘ جدہ اور دمام میں شروع کی جائے گی جس کے بعد اس کا دائرہ کار دُوسرے شہروں تک بڑھا دیا جائے گا۔

سعودی عرب میں کریم کی چیف ایگزیٹو آفیسر مُدثر شیخہ نے کہا ’’ہم اپنی کمپنی میں بھرتی ہونے والی خواتین کو خوش آمدید کہیں گے ‘ ڈرائیونگ کا پیشہ اپنانے کی خواہش مند خواتین کے لیے ہمارا پلیٹ فارم حاضر ہے۔

(جاری ہے)

کریم مملکت بھر کے تمام شہروں میں ماہانہ بنیادوں پر ساٹھ سے ستر ہزار نئی ملازمتیں تخلیق کر رہا ہے۔ ہم نے 2020ء تک بیس ہزار خواتین کو اپنی کمپنی میں بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

‘‘ جبکہ سعودی عرب میں کریم کے جنرل مینجر عبداللہ الیاس نے اپنے پیغام میں کہا کہ سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے ساتھ ہی ہماری کمپنی نے بھی اپنے دروازے ملازمت کی خواہشمند خواتین کے لیے کھول دیئے ہیں۔ ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے اور انہیں ٹریننگ بھی دی جائے گی۔ ہمارے اس اقدام کو بھرپور رسپانس مِلا ہے اور تقریباً 20 ہزار خواتین نے ہماری ٹیکنالوجی‘ سیفٹی اور آپریشنل ٹیموں کی جانب سے منعقد کیے گئے سیشنز میں شرکت کی ہے۔

خواتین کو ڈرائیونگ کی طرف مائل کرنے کے لیے خواتین کپتانیہ کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس بات کو ممکن بنائے گی کہ ڈرائیونگ کو بطور پیشہ اپنانے کی خواہشمند خواتین کے خدشات اور رکاوٹوں کو دُور کیا جائے۔ کریم کے ساتھ جُڑنے کا مقصد یہ ہے کہ آپ اپنے باس خود ہی ہیں‘ اپنی مرضی کے فارغ اوقات میں اضافی آمدنی کما رہے ہیں۔ اس لحاظ سے خواتین اپنے فارغ اوقات میں رقم کما سکتی ہیں۔

اس وقت مصر‘ اُردن‘ لبنان‘ مراکش‘ پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں خواتین کریم کے ذریعے روزگار سے منسلک ہیں۔ جبکہ سعودی عرب میں بھی ابتدائی طور پر 2000خواتین بھرتی کی گئی ہیں۔ سعودی مملکت میں اس وقت کریم کی 70 فیصد سواریاں خواتین پر مشتمل ہیں جو خواتین ڈرائیورز کی موجودگی میں اپنے سفر کو محفوظ اور آرام دہ خیال کریں گی۔