احمد شہزاد کے ڈوپ سیمپل میں کونسا نشہ پایا گیا ، حیران کن انکشاف

منگل جون 14:24

احمد شہزاد کے ڈوپ سیمپل میں کونسا نشہ پایا گیا ، حیران کن انکشاف
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26جون 2018 ء) ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد کے ڈوپ سیمپل میں حشیش کی مقدار پائی گئی ہے، حشیش کا نشہ عمومی طور پر تفریحی نشہ کہلاتا ہے اور اس کا شمار قوت بخش ادویات میں نہیں ہوتا۔حشیش قوت بخش نشہ نہ ہونے کے باعث اگر پاکستان کرکٹ بورڈ ((پی سی بی)) چاہتا تو احمد شہزاد زمبابوے کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم میں شامل ہوسکتے تھے لیکن پی سی بی نے احتیاطی طور پر احمد شہزاد کو پاکستان ٹیم میں شامل کرنے کا خطرہ مول نہیں لیا،احمد شہزاد کا یہ ڈوپ ٹیسٹ فیصل آباد کے پاکستان کپ کے دوران لیا گیا تھا جس کی رپورٹ اب آئی ہے۔

پی سی بی میں ڈاکٹر ریاض اس کیس کو ہینڈل کررہے تھے اور اب ان کے چھٹیوں پر ہونے کے باعث ڈاکٹر سہیل سلیم اس کیس کو دیکھ رہے ہیں،،کرکٹ بورڈ کو اب پاکستان سپورٹس بورڈ اسلام آباد میں واقع حکومت کی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی کیمیائی رپورٹ کی تصدیق کا انتظار ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل قومی ٹیم کے لیفٹ آرم سپنر عبدالرحمن نے بھی انگلینڈ میں سمر سیٹ کاﺅنٹی کے لیے کھیلنے کے دوران تفریحی نشے کے لیے چرس استعمال کی تھی اور ان پر انگلش کرکٹ بورڈ نے تین ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے قوانین پر صرف قوت بخش ادویات استعمال کرنے پر کھلاڑی پر پابندی لگائی جاتی ہے۔احمد شہزاد کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ مسلسل خاموش اور بات کرنے سے گریز کررہا ہے، کرکٹ بورڈ کی جانب سے صرف یہ بیان دیا گیا کہ ٹیم کے ایک کھلاڑی کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت پایا گیا ہے اور اس مرحلے پر اس کرکٹر کا نام نہیں بتایا جائے گا۔۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس بارے میں تمام مروجہ قانونی تقاضوں کے پورا ہونے کے بعد اس کرکٹر کا نام سامنے لایا جائے گا جس کے بعد تحقیقاتی عمل شروع ہوگا اور جرم ثابت ہونے پر اس کھلاڑی پر 2سال تک پابندی عائد ہو سکتی ہے لیکن یہ اس پر منحصر ہے کہ ممنوعہ شے کون سی تھی۔