نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر مسافروں کا سامان گُم ہو گیا

سامان گُم ہو جانے پر مسافروں کا شدید احتجاج ، نواز شریف کو گالیاں تک دے دیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 26 جون 2018 14:29

نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر مسافروں کا سامان گُم ہو گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جون 2018ء) : نیو اسلام آباد ائیر پورٹ اپنے افتتاح کے بعد سے ہی خبروں کی زینت رہا ہے جس کی وجہ نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر مسافروں کو پیش آنے والی مشکلات اور ان کا سامان گُم ہونے جیسی پریشانیوں کا سامنا ہے۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں لندن سے آنے والی ایک پرواز کے مسافروں کو سامان کی گمشدگی کی وجہ سے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، اس ویڈیو میں لندن سے اسلام آباد ائیر پورٹ پر لینڈ کرنے والے کئی مسافروں نے انتظامیہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور نواز شریف سمیت تمام شریف خاندان کو گالیاں تک دیں۔

ویڈیو میں موجود مسافروں نے بتایا کہ اسلام آباد ائیر پورٹ پر چار پروازوں نے لینڈ کیا لیکن کسی ایک پرواز کے مسافروں کا بھی سامان ابھی تک نہیں آیا اور مسافر اپنے سامان کے انتظار میں ائیر پورٹ پر ہی انتظار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہی نہیں بلکہ اس موقع پر ائیر پورٹ انتظامیہ کا بھی کوئی اہلکار موجود نہیں تھا جو مسافروں کو سامان سے متعلق آگاہ کرتا۔

ائیر پورٹ پر مسافروں کے ساتھ ساتھ پائلٹس کو بھی کھڑا ہوا دیکھا گیا لیکن انہوں نے ائیر پورٹ کے عملے سے کوئی بھی سوال کرنے سے گریز کیا۔ اس ویڈیو کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھہ نہ صرف آگ بگولہ ہوئے بلکہ انہوں نے بھی گذشتہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور بُرا بھلا کہا۔ یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ہی اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید آندھی اور بارش ہوئی جس کے باعث لاہور کے 450 کے قریب فیڈرز ٹرپ کر گئے اور لاہور کا 70 فیصد حصہ تاریکی میں ڈوب گیا۔

نیو اسلام آباد ائیر پورٹ سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق اسلام آباد میں موسلا دھار بارش ہوئی اور بارش کا پانی نیو اسلام آباد ائیر پورٹ کیہ چھتوں سے ٹپکنے لگا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق موسم گرما میں اسلام آباد میں ہونے والی بارش نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی کارکردگی کا پول کھول دیا اور اسلام آباد ائیر پورٹ کی چھتیں ٹپکنے لگیں۔ ذرائع کے مطابق بریفنگ ایریا، لاؤنج اور مختلف مقامات پر بارش کا پانی کھڑا ہو گیا۔

115 ارب روپے کے منصوبے پر انتہائی ناقص میٹیریل استعمال کیا گیا۔ اسلام آباد ائیر پورٹ پر ہونے والی بارش کے بعد کارکردگی کا پول کھُلنے کے بعد حکومت کے پاس بھی کوئی جواب نہیں رہا، ائیر ہورٹ پر خاکروبوں کے بار بار پانی خشک کرنے کے باوجود بھی بارش کا پانی خشک نہ ہو سکا۔ نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر بارش کا پانی اکٹھا ہو جانے سے ائیر پورٹ پر موجود مسافروں اور ان کے اہل خانہ کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ حکومت نے اس منصوبے کو جلد مکمل کرنے کا کریڈٹ تو لیا لیکن اس کی تعمیر میں انتہائی ناقص میٹیریل استعمال کیا گیا جو حکومت کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یکم مئی کو 13 سال میں مکمل ہونے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا افتتاح کیا تھا۔ جدید ترین سہولیات سے آراستہ ملک کے سب سے بڑے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وفاقی وزراء سمیت پی آئی اے کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔ اس ائیر پورٹ پر سب سے پہلے کراچی سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 300 نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔

نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ 19 مربع کلو میٹر پر محیط ہے جہاں سے پروازوں کا باقاعدہ آغاز بروز جمعرات 3 مئی سے ہوگا۔نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے ساڑھے 3 کلو میٹر سے زائد طویل ہے جو پاکستان کا سب سے بڑا رن وے ہے ۔ اس رن وے پر اے تھری ایٹی سمیت دنیا کا بڑے سے بڑا ہوائی جہاز دُھند میں بھی لینڈ کر سکتا ہے۔ جدید ترین سہولیات سے آراستہ، 2 رن وے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی عمارت کا ڈیزائن جہاز کے پروں کے طرز پر بنایا گیا ہے جہاں بیک وقت 28 ہوائی جہازوں کے مسافروں کو سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔

اسلام آباد کا نیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ خطے کے ایوی ایشن حب کے طور پر ڈیزائن کیا گیا جہاں مسافروں کی سہولت کے لیے 3 شاپنگ مالز، گالف کورس، سینما گھر،ایک بڑا اسپتال، کنونشن سینٹر، ڈیوٹی فری شاپس اور ریسٹورنٹ وغیرہ موجود ہیں۔ اس کے علاوہ نئے ایئرپورٹ پر بین الاقوامی معیار کے سیلف چیک ان کاؤنٹرز، لانگ ٹائم پارکنگ، 8 فائر کریش ٹینڈرز، جدید ترین ایئرفیلڈ، طیاروں کو فنی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید ترین ایم آر او سسٹم اور الگ کارگو ٹرمینل بھی بنایا گیا ہے۔

ایئرپورٹ پر کارگو ویلیج بھی بنایا گیا جبکہ گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیز نے بھی اپنے کام کا آغاز کر رکھا ہے۔ مزید برآں پاکستان کے سب سے بڑے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سکیورٹی پر ائیر پورٹ سکیورٹی فورس کے 4 ہزار جوان اور رینجرز کے دستے تعینات ہیں۔ اس کے علاوہ سکیورٹی کو مزید بہتر اور فول پروف بنانے کے لیے جدید ترین لیزر سکیورٹی سسٹم بھی نصب ہے۔ لیکن اس قدر جدید ٹیکنالوجی کا کیا فائدہ جب مسافروں کو سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے اور انہیں اپنا ہی سامان حاصل کرنے کے لیے سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ سوشل میڈیا پر حال ہی میں وائرل ہونے والی اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: