(ن)لیگی رہنما قمرالاسلام 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

منگل 26 جون 2018 15:12

(ن)لیگی رہنما قمرالاسلام 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) احتساب عدالت نے (ن)لیگ کے رہنما قمر الاسلام کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر تے ہوئے 9 جولائی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا اور قمرالاسلام کو تنبیہ کی کہ آپ عدالت میں سیاسی بیانات سیگریز کریںجبکہ قمر الاسلام نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میرے پاس صاف پانی کمپنی کا انتظامی اختیار نہیں تھا ،میرا قصور یہ ہے کہ کروڑوں روپے بچائے، 10 سال سے پارلیمنٹ کا ممبر ہوں اور ایساسلوک کیا جارہا ہے جیسے غیر ملکی ہوں، میرے پائوں باندھ کر مخالف کو گھوڑے پر بٹھادیا گیا۔

منگل کو نیب نے صاف پانی اسکیم میں گرفتار قمر الاسلام اور وسیم اجمل کو سخت سیکیورٹی میں لاہور کی احتساب عدالت میں جج نجم الحسن بخاری کے روبرو پیش کیا۔

(جاری ہے)

قمر الاسلام کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب تمام کارروائی محض الزامات کی بنیاد پر کررہا ہے، نیب میں کرپشن کی درخواست آئی ثبوت نہیں ہے، قمرالاسلام چوہدری نثارکے خلاف الیکشن لڑرہے ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ صاف پانی کمپنی میں قمرالاسلام چیف ایگزیکٹو تھے، وسیم اجمل آئے تو یہ اس وقت ڈائریکٹر بھی تھے، جو بھی پلانٹ لگے ان کے دور میں لگے ہیں۔نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے قمرالاسلام کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا جو بعد میں سناتے ہوئے ملزم کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

احتساب عدالت نے ملزم قمرالاسلام اور وسیم اجمل کو جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دیا ہے اور دونوں ملزمان کو 9 جولائی کو عدالت میں پیش کرنے کا بھی حکم دیاہے۔دوسری جانب انجینئر قمر الاسلام نے عدالت میں بیان دیا کہ میرے پاس صاف پانی کمپنی کا انتظامی اختیار نہیں تھا، میرا قصور یہ ہے کہ کروڑوں روپے بچائے، سب سے کم بولی 111 کروڑ کی آئی جسے ٹھیکہ دیا جانا تھا لیکن ہم مذاکرات کرکے 98 کروڑ پر لے آئے، نیب کہتی ہے مذاکرات کیوں کیے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ 10 سال سے پارلیمنٹ کا ممبر ہوں اور ایساسلوک کیا جارہا ہے جیسے غیر ملکی ہوں، میرے پائوں باندھ کر مخالف کو گھوڑے پر بٹھادیا گیا، میں کیسے انتخابی مہم چلا ئو ں۔عدالت نے قمرالاسلام کو تنبیہ کی کہ آپ عدالت میں سیاسی بیانات سیگریز کریں۔واضح رہے انجینئر قمر الاسلام کو مسلم لیگ (ن)نے این اے 59 سے چوہدری نثار کے مدمقابل امیدوار نامزد کیا ہے