پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے،ترجمان دفتر خارجہ

منگل 26 جون 2018 15:12

پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق  چاہتا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ شجاعت بخاری کی شہادت کے بعد سے جدوجہد آزادی کشمیر میں تیزی آگئی ہے جس سے بھارتی حکومت پریشانی کا شکار ہے،پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر حال میں جاری رکھے گا،پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے، بین الاقوامی دنیا بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر اب آواز اٹھا رہی ہے۔

وہ منگل کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں شہید صحافی شجاعت بخاری کی یاد میںمنعقد کیے گئے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر ہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ شجاعت بخاری ایک نڈر اور بہادر صحافی تھے جنہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے بہت کام کیا۔

(جاری ہے)

شجاعت بخاری کا قصور یہ تھا کہ انہوںنے اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر رپورٹ کو ٹویٹ کیا جس پر انہیں شہید کر دیا گیا۔

بھارتی جماعت بی جے پی کے سیاستدان کھلے عام کشمیری عوام کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور ان کے خاندانوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے شجاعت بخاری کے خاندان سے ان کی شہادت پر اظہار تعزیت کرتے ہیں اور یہ یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر حال میں جاری رکھے گا۔ شجاعت بخاری کی شہادت کے بعد سے جدوجہد آذادی کشمیر میں ایک دم سے تیزی آگئی ہے جس سے بھارتی حکومت پریشانی کا شکار ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر رپورٹ کا جاری کیا جانا اس امر کا اشارہ ہے کہ بینی الاقوامی دنیا کی آنکھیں بھارتی مظالم کے خلاف اب کھل رہی ہیں ۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے جو مقبوضہ کشمیر کی عوام کو بھی قبول ہو۔