فٹبال ورلڈ کپ؛ اسپین اور پرتگال نے اگلے مرحلے میں جگہ بنالی

گروپ بی میں کانٹے دار مقابل، اسپین اور مراکش جب کہ پرتگال اور ایران کے درمیان میچ برابر رہا

منگل جون 15:36

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2018ء) فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ بی میں کانٹے دار مقابلے ہوئے جس میں اسپین اور مراکش جب کہ پرتگال اور ایران کے درمیان میچ برابر رہا۔ اسپین اور پرتگال اگلے مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔۔روس میں اسپین اور پرتگال جیسی بڑی ٹیموں کو مراکش اور ایران نے امتحان میں ڈال دیا۔ پرتگال اور ایران کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا جس میں پرتگال نے واحد گول پینتالسویں منٹ میں کیا۔

رونالڈو کو گول کرنے کا موقع ملا مگر پنالٹی کک ضائع کردی۔

(جاری ہے)

ایران نے اضافی وقت میں پنالٹی کک پر گول کرکے میچ برابر کردیا۔ میچ ڈرا ہوا تو پرتگال نے اگلے راونڈ میں کوالیفائی کرلیا جبکہ ایران دوڑ سے باہر ہوگیا۔دوسری جانب اسپین اور مراکش کے درمیان مقابلہ بھی سنسنی خیز رہا۔ مراکش نے پہلا گول چودہویں منٹ میں کیا تو اسپین نے انیسویں منٹ میں حساب برابر کر دیا۔ مراکش نے اکیاسی ویں منٹ میں دوسرا گول کیا تو اسپین کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی مگر ہسپانوی ٹیم نے انجری ٹائم میں گول کرکے راونڈ آف سکسٹین میں جگہ بنالی۔دونوں میچز میں کھلاڑیوں کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی جس کی وجہ سے یلو کارڈز بھی دیکھائے گئے۔ ۔