ہمارے خاندان نے خدمت اور شرافت کی سیاست کو فروغ دیا،

حلقہ کے غریب عوام میرا خاندان ہیں ، گوہر ایوب خان

منگل 26 جون 2018 15:48

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) سابق وزیر خارجہ و سپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب خان نے کہا ہے کہ ہمارے خاندان نے خدمت اور شرافت کی سیاست کو فروغ دیا ہے، حلقہ کے غریب عوام ہی میرا خاندان ہیں، ماضی کی طرح اب بھی عوام سے رابطے برقرار ہیں، کبھی بدمعاشی اور تھانہ کچہری کی سیاست نہیں کی، پورے سیاسی کیریئر میں حلقہ کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے جہدوجہد کی ہے، جو مخالفین ہمارے خاندان پر تنقید کرتے ہوئے ایسی احمقانہ باتیں کرتے ہیں کہ 70 سال میں ہم کچھ نہیں کر سکے تو اپنے بزرگوں سے پوچھیں کہ غازی، ہری پور اور خان پور سمیت حلقہ کے دور افتادہ علاقوں میں بجلی و گیس کی سب سے زیادہ سکیمیں کس نے مکمل کی ہیں۔

وہ منگل کو غا زی میں کا رنر میٹنگز سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

گوہر ایوب خان نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی میں شامل ہمارے خاندان کی خدمات کو نفی کر کے دیکھ لیں پیچھے کیا رہ جاتا ہے، عمر ایوب خان کو کامیابی سے ہمکنار کریں تو مستقبل میں بھی ترقی و خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر یو سی کوٹیڑہ سے ممبر ضلع کونسل ملک محمد افضل نے تحصیل ممبر چوہدری کامران، تینوں ویلج کونسلوں کوٹیڑہ بدہاروس، ترچہٹی اور کالا کھٹہ کے ناظمین و ممبران جن میں چوہدری محمد اکرم، الطاف حسین، محمد صدیق، حبیب سلطان، محمد پرویز، چوہدری افتخار، محمد اسلام، چوہدری اعجاز، چوہدری ریاست اور ملک مشتاق شامل ہیں، کے ہمراہ راجہ عامر زمان سے اپنی 13 سالہ رفاقت ختم کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے امیدوار عمرایو ب خان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور عمر ایوب خان کی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

یو سی کوٹیڑہ کے دورہ کے دوران ہی سابق تحصیل نائب ناظم و چیئرمین زبیر حیات خان نے گوہر ایوب خان سے ملاقات میں عمر ایوب خان کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم گذشتہ الیکشن میں غلطی کر کے بہت پچھتا چکے ہیں، اب ووٹ ضائع نہیں کریں گے، وہ عمر ایوب خان کی الیکشن مہم چلانے کیلئے ہی امریکہ میں مصروفیات ترک کر کے وطن واپس آئے ہیں، پورے دھڑے جنبے اور برادری کی جانب سے عمر ایوب خان کو سپورٹ کریں گے اور ان کی کامیابی کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔