ماہرین زراعت کی کاشتکاروں کو مرچ کی چنائی بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 26 جون 2018 15:51

فیصل آباد۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) ماہرین زراعت نے مرچ کے کاشتکاروں کو مرچوں کی چنائی بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ سرخ مرچ کے کاشتکار بہتر پیداوار کے حصول کیلئے مرچوں کی چنائی بروقت مکمل کر لیں ۔ انہوںنے بتایاکہ چنائی کا عمل اس وقت شروع کیاجائے جب مرچ اچھی طرح پک چکی ہو اور اس کا رنگ بھی مکمل طور پر سرخ ہو چکاہو۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ چنائی صبح یا شام کے ٹھنڈے اوقات میں کرنی چاہیے تاکہ پودے ٹوٹنے کا احتمال نہ رہے۔ انہوںنے کہاکہ مرچ کی چنائی ہفتہ عشرہ کے وقفے سے کرنے کے بعد مرچوں کو اکٹھا ڈھیر کی صورت میں رکھنے کی بجائے خشک اور صاف چٹائی پر اسے احتیاط سے بکھیر دیناچاہیے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار چنائی کے بعد کمزور اور بیماری سے متاثرہ مرچوں کو الگ کر دیں نیز مرچوں کو بارش یا آندھی سے بچانے کیلئے بھی ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ بہتر پیداوار کے ذریعے کاشتکاروں کو مالی منفعت حاصل ہوسکے۔