اسلام آباد کی دیہی آبادی کی ترقی کے لئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے، ڈاکٹر غضنفر مہدی

منگل 26 جون 2018 15:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے آزاد امیدوار ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے دیہی علاقے بلوچستان کے دیہی علاقوں سے زیادہ بری حالت میں ہیں جس کے لئے ایک جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسلام آباد دنیا بھر کا خوبصورت اور عظیم دارالحکومت ہے اگر گزشتہ حکومتیں چاہتیں تو یہاں سیاحت کی ترقی سے اقتصادی خوشحالی رونما ہوتی۔

ڈاکٹر مہدی نے کہا کہ دنیا بھر کے تمام ممالک میں دارلحکومت کو صوبائی درجہ حاصل ہوتا ہے لیکن بد قسمتی سے اسلام آباد کی دیہی آبادی کی حالت زار بلوچستان اور فاٹا کے دیہی علاقوں کا منظر پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے لوگ بدترین شکست کھائیں گے اور آزاد امید واروں کی بڑی تعداد کامیاب ہوگی۔