دس سال کراچی یاد نہ آیا ،

(ن) لیگ تعصب پرست علاقائی سوچ رکھنے والی جماعت ہے ‘سینیٹر مولا بخش چانڈیو

منگل 26 جون 2018 15:59

دس سال کراچی یاد نہ آیا ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پاکستان میں مودی ماڈل نہیں چلے گا، شہباز شریف پاکستان کے مودی ، ماڈل ٹائون، گوجرہ اور جوزف کالونی کے قاتل ہیں، دس سال کراچی یاد نہ آیا ،اب پاکستان کا مودی کراچی آکر جھوٹ پر جھوٹ بول کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ کراچی میں اگر پینے کے پانی کا مسئلہ ہے تو اس کی ذمہ دار (ن) لیگ کی وفاقی حکومت ہے، کے فور منصوبے پر جاری کام نواز حکومت کی جانب سے فنڈز بند کرنے پر رکا، حکومت سندھ نے اپنے وسائل سے کام جاری رکھا، شہباز شریف کی غلط بیانی نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی حکومت نے بھاشا ڈیم کا کام آگے بڑھایا نواز شریف نے آکر روک دیا تھا، کراچی کو جھوٹے وعدے نہیں عمل چاہئے اور ہم چیئرمن بلاول کی قیادت میں کراچی کو بدل کر دکھائیں گے۔

(جاری ہے)

ضیا کی پیداوار شہباز شریف کے جڑوا بھائی ایم کیو ایم والے کراچی کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، 1985ء سے کراچی کو نوچا گیا، نواز شریف نے بھی ہر دور میں اپنا حصہ ڈالا، اہلیان کراچی کو پتہ ہے کہ کون کام کرتا ہے اور کون بول بچن دے کر نکل جاتا ہے، نواز شریف کے وعدے، بول بچن اور بنارسی ٹھگوں والی چالیں اہلیان کراچی کو ابھی تک یاد ہیں، ٹھٹہ ، بدین اور مٹھی میں نواز شریف نے جو وعدے کئے تھے، شہباز شریف جواب دیں ان کا کیا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ تعصب پرست علاقائی سوچ رکھنے والی جماعت ہے یہ کبھی وفاقی پارٹی تھی نہ بن سکتی ہے، ان سے چھوٹے صوبوں کو بھتری کی کوئی امید نہیں ہے ۔