مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کیلئے پاکستان آئے سکھ یاتری ننکانہ صاحب سے سپیشل ٹرین کے ذریعے لاہور پہنچ گئے

منگل 26 جون 2018 15:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے لیے پاکستان آئے سکھ یاتری ننکانہ صاحب سے سپیشل ٹرین کے ذریعے لاہور پہنچ گئے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عمران،پی آر او عامر حسین ہاشمی،کیئر ٹیکر اظہر شاہ و دیگر افسران نے مہمانوں کی گورو دوارہ ڈیرہ صاحب آمد پر استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے جبکہ گورو دوارہ کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا اور سیکورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سکھ جتھہ لیڈر سردار بلویندر سنگھ نے لاہور آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ میں کئی سالوں بعد یہاں لاہور آیاہو ںاور گریٹر اقبال پارک سمیت لاہور کی خوبصورتی دیکھ کر بہت خوش ہوں۔

(جاری ہے)

لاہوریے مہمان نوازی میں اپنی مثال آپ ہیں ۔یہاں پر گزارے پل انسان ساری زندگی یاد رکھتا ہے۔حکومت کی جانب سے ملنے والی سیکورٹی اور انتظامی سہولیا ت پر شکر گزار ہیںہم سکھ مسلم دوستی کے رشتہ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔

ڈپٹی پارٹی لیڈر سردار جگ موہن سنگھ نے کہا کہ ہم جہاں بھی گئے ہر جگہ بہت عزت اور پیار ملا ہے اور کسی قسم کی کوئی دشواری نہیں ہوئی ۔کالڑہ مشن کے پارٹی لیڈر سردار ڈاکٹر درشن سنگھ نے کہا کہ یہاں آکر اپنا پن محسوس ہوتا ہے ۔لاہور یے کھلے دل کے مالک اور محبتیں بانٹنے والے لوگ ہیں۔اس وجہ سے یہاں آکر اداسی نہیں ہوتی ۔مینار پاکستان پارک کی خوبصورتی اور نئے انداز نے ہمیں حیران کر دیا۔

ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل کا کہنا تھا کہ چیئرمین اور سیکرٹری بورڈ کی خصوصی ہدایات پر مجھ سمیت بورڈ کے دیگر افسران اور سیکورٹی عملہ دن رات مہمانوں کی خاطر داری میں مصروف عمل ہے ۔سکھ یاتری ایک روز لاہور قیام کرنے کے بعد کل گورو دوارہ کرتار پور ناروال اور روہڑی صاحب ایمن آباد میں حاضری کے لیے روانہ ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :