ایڈیشنل چیف سیکرٹری فرحت علی میر کی زیر صدارت 14اگست کی تقریبات کی تیاریوں بارے اعلیٰ سطح اجلاس کا انعقاد

منگل 26 جون 2018 16:00

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) آزاد جموں وکشمیر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر کی زیر صدارت 14اگست جشن آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری اسمبلی چوہدری بشارت حسین ، سیکرٹری جنگلات ظہور الحسن گیلانی ، سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد ، سیکرٹری تعلیم سکولز امجد پرویز ، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن زاہد عباسی ، سیکرٹری سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر راجہ محمد عباس ، سیکرٹری جموںو کشمیر لبریشن سیل محمد ادریس عباسی ، سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہائوسنگ خواجہ احسن ، سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ظہیر الدین قریشی ،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال ، ڈائریکٹر جنرل کشمیر کلچر ل اکیڈمی چوہدری شفقت ،ڈی آئی جی طاہر قریشی ،ڈی آئی جی سردار الیاس ، کمشنر پونچھ حمید مغل ،ڈین شعبہ آرٹس یونیورسٹی آف آزادکشمیر ڈاکٹر عائشہ سہیل کے علاوہ انتظامیہ ، پولیس ، یونیورسٹی آف آزاد جموںو کشمیر اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے آفیسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رواں سال بھی جشن آزادی ملی جوش و جذبے اورتزک و احتشام کے ساتھ منائی جائیں گی ۔ تمام محکمہ جات اپنی اپنی سطح پر خصوصی پروگروام منعقد کریں گے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جشن آزادی کے موقع پر ریاست کے اندر تمام سرکاری عمارات اور بڑے بڑے پلوں پر چراغاں کی جائے گی جبکہ سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں خصوصی پروگرام منعقد کروائے جائیں گے ۔

یونیورسٹی آف آزاد جموںو کشمیر 13ویں آئینی ترمیم کے حوالہ سے بھی خصوصی سیمینار منعقد کروائے گی ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ میونسپل کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ آتش بازی اور اہتمام کریںگے اور اسی مناسبت سے میونسپل کارپوریشن ہفتہ صفائی بھی منائے گی ۔ جشن آزادی کے حوالہ سے انتظامیہ لوگوں کو آگاہی فراہم کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ بالخصوص لائن آف کنٹرول پر آباد شہری گھروں پر سبز ہلالی پرچم لہرائیں ۔

عوامی مقامات پر بڑی سکرین لگا کر مرکزی تقریب ان پر بھی دیکھائی جائے گی ۔ جبکہ 14اگست کی مرکزی تقریب حسب سابق اسی طرح منعقد ہوگی ۔ 14اگست کے حوالہ سے تمام صوبوں کی بڑی یونیورسٹیوں سے رابطہ کرتے ہوئے انکے پروگرام میں آزاد کشمیر کے شرکاء کو بھی شامل کیا جائے گا۔ محکمہ سپورٹس کھیلوں کے مقابلہ جات منعقد کروائے گا۔ جبکہ محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام تصویری نمائش منعقد کی جائیگی ۔

محکمہ اطلاعات ، سوشل ، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے تمام تقاریب کی بھرپور کوریج کے علاوہ مرکزی تقریب کی کوریج بھی کروائے گا۔ اس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکمہ جات اپنا اپنا تشیہری مواد محکمہ اطلاعات کو فراہم کریں گے ۔ جبکہ 14اگست کی مناسبت سے خصوصی سپلیمنٹ بھی شائع کیا جائے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کا دن جوش و جذبے سے مناتی ہیں ۔

آزاد کشمیر بھر میں جشن آزادی کی تقریبات رواں سال بھی بھر پور انداز میں منائی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تمام محکمہ جات اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور اپنے اپنے پروگراموں کو حتمی شکل دیں ۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات میں سماجی تنظیموں کو بھی شامل کیا جائے اور اس دن کی مناسبت سے پروگرامز کی بھرپور میڈیا کوریج بھی کروائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو آزادی کی تاریخ سے روشناس کروانے کے لیے سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹی کی سطح پر تقریری مقابلہ جات اور سیمینار منعقد کروانے کا اہتمام کریں تاکہ نوجوان نسل کو تاریخ سے آگاہی حاصل ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :