مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم فاروق حیدر کی سربراہی میں انتخابات میں کیے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کررہی ہے ‘ گرڈ اسٹیشن کی جگہ کے لیے حکومت نے پیسے مختص کردیئے ہیں‘سماہنی میں گرڈ اسٹیشن ضروربنے گا

آزادجموں وکشمیرقانون ساز اسمبلی کے سابق ممبروضلعی صدرمسلم لیگ ن راجہ مقصو د احمد خا ن کی بات چیت

منگل 26 جون 2018 16:01

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) آزادجموں وکشمیرقانون ساز اسمبلی کے سابق ممبروضلعی صدرمسلم لیگ ن راجہ مقصو د احمد خا ن نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان کی سربراہی میں انتخابات میں کیے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کررہی ہے ۔ سماہنی میں گرڈ اسٹیشن ضروربنے گا۔ گرڈ اسٹیشن کی جگہ کے لیے حکومت نے پیسے مختص کردیئے ہیں۔

گرڈ اسٹیشن واپڈا نے بنانا ہے اور اس کے لیے فنڈز حکومت آزادکشمیر برداشت کرے گی۔ بعض لوگ اپنے ذاتی مقاصد کی آڑ میں گرڈاسٹیشن کے قیام کے لیے لوگوں کواحتجاج پراکسا رہے ہیں۔ اگرگرڈ اسٹیشن کسی بازار یاکسی دوکان سے ملتاتو میں خود پیسے دیکرخرید کرلاتا۔ گرڈ اسٹیشن کے قیام کے لیے احتجاج کرنے والے 10 ،15 سال پہلے کہاں تھے جب سماہنی میں بجلی کے بلب بھی روشن نہیں ہوتے تھے۔

(جاری ہے)

اب تو وولٹیج کامعاملہ بھی کافی حد تک حل ہوچکا ہے سماہنی گرڈ اسٹیشن عوام کاحق ہے حکومت گرڈاسٹیشن بنائے گی اور اس پرجلد کام بھی شروع ہوگا۔ سماہنی کے عوام اطمینان رکھیں حکومت ان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔ ہم عوامی نمائندے ہیں اور عوامی مسائل کوحل کرنااپنافرض سمجھتے ہیں۔ نہ میں عوامی مسائل سے غافل ہوں اور نہ ہی حکومت۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

سابق ممبراسمبلی راجہ مقصود احمدخان نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پرحل کررہی ہے ۔ وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان سماہنی کو اپناحلقہ سمجھتے ہیں اسی لیے انھوں نے سماہنی گرڈ اسٹیشن کے قیام کااصولی فیصلہ کیاہے جس پرجلد کام شروع ہوجائے گا۔ حلقہ سماہنی میںتعمیروترقی کے جواقدامات مسلم لیگ ن کی حکومت نے کیے ہیں وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، زمین پرنظرآرہے ہیں۔

حلقہ سماہنی میراحلقہ ہے حلقہ کے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کوئی کسرباقی اٹھانہیں رکھوں گا۔لوگ اطمینان رکھیں مسلم لیگ ن کی حکومت ایک ایک کرکے پورے آزادکشمیرکی طرح حلقہ سماہنی کے تمام مسائل حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سماہنی میں گرڈ سٹیشن کے قیام کیلئے فنڈز کی فراہمی پر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور انکی ٹیم کے شکر گزار ہیں ۔