شجاعت بخاری نیجرات و بہادری کے ساتھ بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے پیش کیا،

ان کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی، عالمی برادری کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف توجہ دے، دیرینہ مسئلہ کے حل میں اپنا کردار ادا کرے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا شہید کشمیری صحافی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب

منگل جون 16:05

شجاعت بخاری نیجرات و بہادری کے ساتھ بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے پیش ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2018ء) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہئے، شجاعت بخاری نے مقبوضہ کشمیر میں نہایت جرات کے ساتھ سچ کو اجاگر کیا اور ہزاروں کشمیریوں کی طرح جام شہادت نوش کیا، ان کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی، عالمی برادری کو کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف توجہ مبذول کرتے ہوئے دیرینہ مسئلہ کے حل میں اپنا مناسب کردار ادا کرنا چاہئے، وہ منگل کو یہاں شہید کشمیری صحافی شجاعت بخاری کی یاد میں نیشنل پریس کلب میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر صدر آزاد کشمیر مسعود احمد خان، کشمیری رہنما مشعال ملک اور سینئر صحافی حامد میر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ شجاعت بخاری کا دل کشمیری عوام کی محبت سے لبریز تھا، شجاعت بخاری نے بھارتی مظالم کو دنیا بھر میں اجاگر کیا، انہی مظالم کو اجاگر کرنے کی پاداش میں وہ شہید کر دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور فورسز باقی کشمیریوں کو بھی ایسے ہی انجام کی دھمکیاں دے رہی ہیں۔

انہوں نے شجاعت بخاری کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم شجاعت بخاری کی یاد میں تقریب میں شریک ہیں، شجاعت بخاری نے خوف کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر سچ لکھا اور جرات و بہادری کے ساتھ بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شجاعت بخاری نے بھی باقی ہزاروں کشمیریوں کی طرح جام شہادت نوش کیا۔ ان کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی، عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف توجہ دینی چاہئے اور یہ دیرینہ تنازعہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق حل ہونا چاہئے۔